National News

بجٹ دہلی کی ترقی کو نئی تحریک دیتا ہے: ریکھا گپتا

بجٹ دہلی کی ترقی کو نئی تحریک دیتا ہے: ریکھا گپتا

نئی دہلی:دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں پیش کیا گیا بجٹ 2026-27 ترقی یافتہ اور خود کفیل ہندوستان کی سمت ایک مضبوط قدم ہے یہ بجٹ نہ صرف ملک کے ہر طبقے کو اعتماد دیتا ہے بلکہ دہلی جیسے شہر کے لیے بھی نئے مواقع کے دروازے کھولتا ہے محترمہ گپتا نے پیر کو پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ بجٹ معاشی مضبوطی کے ساتھ سماجی توازن کی بھی بہترین مثال ہے۔ یہ بجٹ دور اندیش، متوازن اور عام شہری کی ضروریات کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے دہلی کی سلامتی، قانون و نظم اور انتظامی ذمہ داریوں میں مسلسل تعاون کے لیے وزیر داخلہ امت شاہ کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ کی سب سے بڑی خوبی اس کی سوچ اور بنیادی روح ہے۔ یہ بجٹ تین اہم ذمہ داریوں پر مبنی ہے۔ پہلی، ملک کی معاشی رفتار کو تیز کرنا اور اسے مستحکم رکھنا۔ دوسری، عوام کی امنگوں کو پورا کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تاکہ ہر شہری ترقی کا حصہ بن سکے اور تیسری، ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے تصور کو عملی جامہ پہنانا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ نوجوانوں پر اعتماد کرتا ہے، غریب، استحصال زدہ اور محروم طبقات کے تئیں حکومت کی وابستگی کو مضبوط بناتا ہے، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرتا ہے اور متوسط طبقے کو بھی راحت فراہم کرتا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت مسلسل مرکز کے ساتھ رابطے میں رہی ہے۔ فنڈز اور منصوبوں پر سنجیدہ بات چیت ہوئی ہے اسی لیے اس بجٹ میں دہلی کے مفادات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا گیا ہے۔ سڑک، پانی، ٹرانسپورٹ، صحت، روزگار اور سلامتی جیسے شعبے تبھی بہتر ہوتے ہیں جب مرکز اور ریاست مل کر کام کریں اور یہ بجٹ اسی تعاون کی طاقت کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ واضح طور پر ترقی پسند بجٹ ہے۔ سرمائے کے اخراجات میں اضافہ کر کے تعمیراتی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع کو رفتار دی گئی ہے۔ جہاں گزشتہ سال سرمائے کے اخراجات 11.2 لاکھ کروڑ روپے تھے، وہیں اس سال انہیں بڑھا کر 12.2 لاکھ کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ اس سے مزید سڑکیں بنیں گی، نئے منصوبے شروع ہوں گے اور بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جس کا براہِ راست فائدہ دہلی جیسے بڑے شہروں کو بھی ملے گا۔
محترمہ گپتا نے کہا کہ بجٹ میں لڑکیوں کے لیے ہاسٹل کی تعمیر جیسے اہم انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی تعلیم مکمل کر سکیں۔ نوجوانوں کے لیے نئی مہارتیں، جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے نئے راستے کھولے گئے ہیں۔ صحت، کھیل اور سیاحت جیسے شعبوں میں بھی روزگار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ مجموعی طور پر انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ ترقی، اصلاح اور راحت تینوں کو ساتھ لے کر چلتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ دہلی کو براہِ راست ملنے والی مرکزی امداد کے طور پر 1,348 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے جو بنیادی ڈھانچے، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے چندراول جل منصوبے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ چندراول واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ جیسی اسکیموں سے پانی کی فراہمی بہتر ہوگی، پرانے علاقوں میں پانی کا دباو بڑھے گا اور 24 گھنٹے پانی فراہم کرنے کی سمت میں کام آگے بڑھے گا۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت دہلی کی روزمرہ ضروریات کو سنجیدگی سے سمجھتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ بجٹ صاف طور پر ظاہر کرتا ہے کہ مرکزی حکومت دہلی کی ترقی کے حوالے سے سنجیدہ ہے۔ دہلی حکومت کی مسلسل کوششوں اور رابطے کے نتیجے میں راجدھانی کے لیے ٹھوس اور موثر انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر دہلی حکومت ہر منصوبے کو زمینی سطح پر نافذ کرے گی اور یہ یقینی بنائے گی کہ اس کا فائدہ دہلی کے ہر شہری تک پہنچے۔



Comments


Scroll to Top