Latest News

میگھالیہ: کوئلے کی کان میں دھماکہ، 16 مزدور ہلاک، کئی کے دبے ہونے کا خدشہ

میگھالیہ: کوئلے کی کان میں دھماکہ، 16 مزدور ہلاک، کئی کے دبے ہونے کا خدشہ

نیشنل ڈیسک: میگھالیہ کے ایسٹ جینتیا ہلز ضلع میں جمعرات کو ''غیر قانونی'' کوئلے کی کان میں دھماکے سے کم از کم 16 مزدور ہلاک ہو گئے اور کئی دیگر کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی)آئی نونگرنگ نے یہ  جانکاری دی۔
ڈی جی پی نے بتایا کہ یہ واقعہ تھانگسکو علاقے میں پیش آیا اور بچاؤ ٹیمیں تلاش اور امدادی کارروائی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اب تک 16 لاشیں برآمد کی ہیں، لیکن دھماکے کے وقت کان کے اندر موجود افراد کی صحیح تعداد کے بارے میں معلومات نہیں ہیں۔ کئی افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔'
ایسٹ جینتیا ہلز کے پولیس سپرنٹنڈنٹ وکاس کمار نے بتایا کہ واقعے میں زخمی ایک شخص کو ایک ابتدائی صحت مرکز لے جایا گیا، جس کے بعد بہتر علاج کے لیے اسے ریاست کے دارالحکومت شلونگ بھیجا گیا۔ شبہ ہے کہ یہ دھماکہ اس جگہ کوئلہ نکالنے کی سرگرمیوں کے دوران ہوا، جسے غیر قانونی کام سمجھا جا رہا ہے۔ جب پوچھا گیا کہ کیا کان غیر قانونی طور پر چلائی جا رہی تھی، تو کمار نے کہا، ''ہاں، ایسا ہی لگتا ہے'۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے کی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے اور اس کی تحقیقات کی جائیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی)نے 2014 میں میگھالیہ میں 'ریٹ ہول' کوئلہ کان کنی اور دیگر غیر سائنسی طریقوں پر پابندی عائد کی تھی۔
 



Comments


Scroll to Top