واشنگٹن: امریکہ کے شہر سیئٹل نے 2023 میں ایک پولیس افسر کی تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے جان گنوانے والی ہندوستان کی 23 سالہ پوسٹ گریجویٹ طالبہ جاہنوی کندولا کے خاندان کے ساتھ 2.9 کروڑ امریکی ڈالر کے سمجھوتے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ کندولا کو افسر کیون ڈیو کی گاڑی نے اس وقت ٹکر ماری تھی جب وہ منشیات سے متعلق ایک کال کے بعد کارروائی کے لیے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد والے علاقے میں 119 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جا رہے تھے۔ ان کی گاڑی کی ایمرجنسی لائٹ جل رہی تھیں اور چوراہوں پر سائرن کا استعمال بھی کیا جا رہا تھا۔ سٹی اٹارنی ایریکا ایوانس نے بدھ کو جاری بیان میں کہا کہ جاہنوی کندولا کی موت دل دہلا دینے والی ہے اور شہر کو امید ہے کہ یہ مالی سمجھوتہ کندولا کے خاندان کو کسی حد تک تسلی فراہم کرے گا۔
جاہنوی کندولا کی زندگی اہم تھی۔ یہ ان کے خاندان، دوستوں اور ہماری برادری کے لیے معنی رکھتی تھی۔ کندولا سیئٹل میں واقع نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے کیمپس میں انفارمیشن سسٹمز میں ماسٹر ڈگری کے لیے پڑھ رہی تھیں۔ کندولا کے خاندان کے وکیلوں نے فوری ردعمل نہیں دیا۔ دونوں فریقوں نے گزشتہ جمعہ کو کنگ کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں سمجھوتے کی اطلاع داخل کی۔ مقامی نیوز ویب سائٹ ' پبلیکولا ' نے سب سے پہلے اس سمجھوتے کی خبر دی۔ کندولا کی موت کے بعد بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے تھے۔ لوگوں کا غصہ اس وقت بھڑک اٹھا جب ایک دوسرے افسر کے باڈی کیمرا کی ریکارڈنگ سامنے آئی جس میں وہ ہنستے ہوئے کندولا کی زندگی کو معمولی بتاتے اور یہ کہتے سنائی دیا کہ شہر کو صرف ایک چیک لکھ دینا چاہیے۔ ہندوستان کے سفارتکاروں نے بھی اس معاملے کی جانچ کی مانگ کی تھی۔
شہر کے شہری نگرانی کے ادارے نے پایا کہ یونین لیڈر رہے افسر ڈینیئل آڈرر کے تبصروں سے محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور لوگوں کا اعتماد کمزور ہوا۔ آڈرر کو برطرف کر دیا گیا اور انہوں نے غلط طریقے سے ملازمت ختم کیے جانے کے خلاف شہر پر مقدمہ دائر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے تبصرے اس بات کی تنقید کرنے کے مقصد سے تھے کہ وکیل اس موت پر ممکنہ طور پر کس طرح ردعمل دیں گے۔ پولیس محکمے نے گاڑی چلانے والے افسر کو بھی برطرف کر دیا۔ انہیں لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا قصوروار ٹھہرایا گیا اور 5 ہزار ڈالر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
کنگ کاؤنٹی کے استغاثہ نے ان کے خلاف سنگین فوجداری الزامات دائر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ثابت نہیں کیا جا سکا کہ انہوں نے جان بوجھ کر حفاظت کو نظر انداز کیا۔ سمجھوتے کی تقریباً دو کروڑ ڈالر کی رقم شہر کی انشورنس پالیسی کے تحت ادا ہونے کا امکان ہے۔