پونے: بدھ کو جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق، پونے کی سماجی، ثقافتی اور تعلیمی تنظیم 'سرحد' کو چنئی میں واقع بھگوان مہاویر فاؤنڈیشن کے ذریعہ قائم کردہ باوقار 29 ویں نیشنل بھگوان مہاویر ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔فاؤنڈیشن نے 'سرحد ' کو اس کے غیر معمولی انسانی کام اور تعلیم، ثقافتی مکالمے اور عوامی مشغولیت کے ذریعے عدم تشدد اور انسانی اقدار کو فروغ دینے کے عزم کے لیے اعزاز سے نوازا۔
ریلیز میں کہا گیا کہ ایوارڈ امن، تعلیم ، ثقافتی مکالمے ، قومی یکجہتی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے 'سرحد ' کی مسلسل کوششوں کے اعتراف میں ہے۔بھگوان مہاویر فاؤنڈیشن کے بانی، سُگل چند جین نے کہا کہ 'سرحد ' نے عدم تشدد کے جذبے اور انسانی اقدار کو بامعنی عمل میں تبدیل کرکے ایک قابل ذکر مثال قائم کی ہے۔ اس کا کام یہ ظاہر کرتا ہے کہ مکالمہ، تعلیم اور اخلاقی مشغولیت کس طرح سماجی تبدیلی لا سکتی ہے۔ امن اور یکجہتی کو بڑھاوا دینے میں 'سرحد ' کی مسلسل کوششوں کو تسلیم کرتے ہوئے ہم بے حد خوش ہیں۔ یہ اس کے مشن کو مزید تقویت دے گا اور بہت سے دوسروں ترغیب ملے گی ۔
مہاویر ایوارڈ ہر سال ہندوستان بھر میں ان افراد اور اداروں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے عدم تشدد اور سبزی خوری، تعلیم، طب، اور کمیونٹی اور سماجی خدمت کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ اس ایوارڈ میں10 لاکھ روپے کا نقد انعام، ایک توصیفی سند اور ایک یادگاری تحفہ شامل ہوتا ہے ۔
29ویں ایڈیشن کے لیے، ملک بھر سے موصول ہونے والی کل 267 نامزدگیوں کاہندوستان کے سابق چیف جسٹس ایم این ، وینکٹاچالیہ کی صدارت میں ایک نامور جیوری نے بغور جائزہ لیا۔ سلیکشن کمیٹی میں سینئر جین راہب آچاریہ شری چندن جی مہاراج، سابق چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس ڈاکٹر ڈی وائی چندرچوڑ، آر بی آئی کے پارٹ ٹائم ڈائریکٹر اور تغلق کے ایڈیٹر ایس گرومورتی ، بھارتیہ ودیا بھون منگلورو کے صدر پروفیسر بی ایم ہیگڑے، سابق چیف الیکشن کمشنر ٹی ایس کرشنامورتی، SEBI کے سابق چیئرمین اور ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ڈاکٹرمہتا، سابق کابینہ سکریٹری پربھات کمار(ریٹائرڈ آئی اے ایس)، اور سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس جی ایس سنگھوی جیسی شخصیات شامل تھیں ۔
1995 میں شری سنجے نہار کی طرف سے قائم کی گئی این جی او (سرحد ) ایک سماجی، ثقافتی، اور تعلیمی ادارہ ہے جو ہندوستان کے متنازعہ سرحدی علاقوں ، جن میں پنجاب، جموں و کشمیر، اور شمال مشرق شامل ہیں، میں امن قائم کرنے اور قومی اتحاد کے لیے کام کرتا ہے۔ بین المذاہب مکالمے، ثقافتی تہواروں، تعلیمی اقدامات، اور طلبا کے تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے، تنظیم( سرحد ) نے مختلف برادریوں کے درمیان اعتماد، ہم آہنگی اور باہمی افہام و تفہیم کے پل بنائے ہیں۔ 'سرحد' تنازعات سے متاثرہ علاقوں کے طلبا ء کو مفت تعلیم اور رہائشی سہولات بھی فراہم کرتی ہے ۔
اس کے علاوہ 29ویں مہاویر ایوارڈز کے دیگر حاصل کنندگان میں جامع مربوط دیہی ترقی( سی او آر ڈی) ، ہماچل پردیش تعلیم کے لیے، شری شنکرا کینسر فاؤنڈیشن، کرناٹک طب کے لیے، اور مسز سنگھومی بولگھاک، میزورم اور نرمان، اڈیشہ کمیونٹی اور سماجی خدمت کے لیے شامل ہیں۔
فاؤنڈیشن ( سرحد) نے بے لوث خدمات کے چار زمروں میں 30ویں مہاویر ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کو مدعو کیا ہے۔2026 کے ایوارڈز کے ساتھ، مہاویر ایوارڈ حاصل کرنے والوں کی کل تعداد 201 تک پہنچ گئی ہے، جو 26 ریاستوں اور دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ پچھلے کچھ برسوں کے دوران، یہ اعزازات ہندوستان کے صدر اور نائب صدر، گورنرز، وزرائے اعلیٰ اور مرکزی وزراء سمیت کئی نامور شخصیات کے ذریعہ باضابطہ تقاریب میں پیش کیے گئے ہیں۔
نامزدگی فارم فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ [www.bmfawards.org](http://www.bmfawards.org) سے ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔