لکھنؤ/ فریدآباد: جیل میں بند دہشت گردی کے ملزم عبد الرحمن کی جیل کے احاطے میں جھڑپ کے بعد قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ پولیس کے مطابق حال ہی میں جموں و کشمیر سے اس جیل میں منتقل کیے گئے ارون چودھری نام کے ایک قیدی نے مبینہ طور پر رحمن کا قتل کر دیا۔ جیل میں اتوار رات دو قیدیوں کے درمیان تنازع ہونے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ جموں و کشمیر کے رہنے والے چودھری نے رحمن پر دھاردار ہتھیار سے حملہ کیا جس سے موقع پر ہی اس کی موت ہو گئی۔
پولیس کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ دونوں قیدیوں کے درمیان ہوئی جھڑپ کے واقعے کی تفصیل جاننے کے لیے جانچ کی جا رہی ہے۔ اتر پردیش کے فیض آباد ضلع کے ملکی پور کے رہنے والے رحمن 2025 میں اپنی گرفتاری کے بعد سے جیل میں بند تھا۔ اسے گجرات انسداد دہشت گردی دستہ اور ہریانہ پولیس کے خصوصی دستے ایس ٹی ایف کی مشترکہ ٹیم نے فریدآباد کے قریب پالی گاؤں سے گرفتار کیا تھا۔ رحمن کے خلاف فریدآباد کے ڈبوا تھانے میں مقدمہ درج تھا۔ اس کی گرفتاری کے وقت افسروں نے بتایا تھا کہ رحمن ایودھیا میں دھماکہ کرنے کی سازش میں شامل تھا۔
ایس ٹی ایف کے ایک افسر نے بتایا تھا کہ اس کے روابط پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے جڑے ہونے کا شبہ ہے۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ ہریانہ ایس ٹی ایف کو اطلاع ملی تھی کہ ایک سلیپر سیل رحمن کی مدد کر رہا ہوگا کیونکہ وہ اسے ہینڈ گرینیڈ فراہم کر رہے تھے۔ تاہم رحمن کے والدین نے ان الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کسی بھی دہشت گردانہ سرگرمی میں شامل نہیں تھا۔