کیلیفورنیا : جنوبی کیلیفورنیا کے اِن لینڈ ایمپائر علاقے میں بدھ کی دوپہر فلمی انداز میں شروع ہونے والی پولیس کی آنکھ مچولی کا انجام انتہائی دردناک رہا۔ بڑی چوری کے ایک ملزم نے پولیس سے بچنے کے لیے تقریباً ایک گھنٹے تک سڑکوں پر کار دوڑائی اور آخر میں ایک دیوار سے ٹکرانے کے بعد خود کو گولی مار لی۔
چوری کے شک میں پیچھا شروع ہوا۔
واقعہ دوپہر تقریباً 2:00 بجے شروع ہوا جب ریور سائیڈ کاونٹی شیرف ڈپارٹمنٹ کے ڈپٹی افسران نے پیچ رینچ روڈ کے قریب ایک مشتبہ کیڈلاک کار دیکھی۔ یہ شخص چوری کے ایک مقدمے میں مطلوب تھا۔ جب پولیس نے اسے رکنے کا اشارہ کیا تو اس نے رکنے کے بجائے کار کی رفتار بڑھا دی۔

فری وے پر تیز رفتار ڈرامہ۔
ملزم نے اپنی کار 10 اور 15 نمبر کے فری وے پر دوڑانا شروع کر دی۔ پیچھا کرنے کے دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ مشتبہ شخص کے پاس ہتھیار یعنی ہینڈگن بھی ہے۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے اس ڈرامے کے دوران جوروپا ویلی ہائی اسکول کے قریب ایک موڑ پر پولیس نے اسے گھیر لیا۔ سیکیورٹی کے پیش نظر اسکول کو فوراً لاک ڈاون کر دیا گیا۔

گراپلر ڈیوائس اور خوفناک ٹکر۔
کافی دیر تک جاری رہنے والے تعطل کے بعد ملزم نے دوبارہ فرار ہونے کی کوشش کی اور پولیس کی اسپائک اسٹرپ یعنی کیلوں والی پٹی کے اوپر سے کار گزار دی۔ پولیس نے کار روکنے کے لیے گراپلر یعنی ٹائر پھانسنے والا آلہ استعمال کیا، لیکن وہ کار میں نہیں پھنس سکا۔ اسی بھگدڑ میں ملزم نے کنٹرول کھو دیا اور کار سڑک کنارے ایک گھر کی کنکریٹ کی دیوار سے جا ٹکرائی۔ دیوار کے پیچھے موجود ایک شخص نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ اس نے بتایا، کار اتنی تیز تھی کہ مجھے لگا آج میں نہیں بچوں گا۔ دھماکے کی آواز کے ساتھ چاروں طرف ملبہ اڑ رہا تھا۔"
تین گھنٹے کا سنسنی خیز انتظار اور موت۔
ٹکر کے بعد کار بری طرح تباہ ہو گئی۔ پولیس نے دو بکتر بند گاڑیوں سے اسے گھیر لیا۔ ڈرون کی مدد سے کار کے اندر دیکھا گیا۔ پولیس کی بار بار ہتھیار ڈالنے کی ہدایت کے باوجود ملزم باہر نہیں نکلا۔

شام تقریباً 5:00 بجے پولیس نے آنسو گیس کے گولے چھوڑے اور کار کا پچھلا شیشہ توڑ دیا۔ جب 5:45 بجے افسران کار کے قریب پہنچے اور دروازہ کھولا تو ملزم مردہ پایا گیا۔ ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ اس نے خود کو گولی مار لی۔