National News

مودی حکومت نے لوک سبھا اسپیکر کی آزادی چھین لی: پرینکا

مودی حکومت نے لوک سبھا اسپیکر کی آزادی چھین لی: پرینکا

نئی دہلی:کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے لوک سبھا اسپیکر کی آزادی ختم کر دی ہے لیکن اپوزیشن اسے بچانے میں مصروف ہے انہوں نے کہا کہ اسی مسئلے پر وسیع بحث کے مقصد سے عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی ہے مسز واڈرا نے پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں صحافیوں سے کہا کہ مودی حکومت نے اسپیکر کی آزادی چھین لی ہے۔ یہ لوگ ہر ادارے کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'ہم ہر اس ادارے کو بچانے کے لیے لڑ رہے ہیں، جس پر ہندوستان کی جمہوریت قائم ہے'۔ بی جے پی کے لوگوں کو یہی باتیں برداشت نہیں ہوتیں، اس لیے وہ ایوان کو اصل مسائل سے بھٹکانے کی کوشش کرتے ہیں۔ میری دادی اندرا جی کہا کرتی تھیں کہ کوئی کتنا ہی جعلی بننے یا جھوٹی شبیہ پیش کرنے کی کوشش کرے، ملک کے عوام اس کی سچائی جان جائیں گے۔
انہوں نے ایوان کے باہر بھی لوک سبھا میں اپوزیشن کے رہنما راہل گاندھی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 'میرے بھائی راہل گاندھی ہمیشہ سچ بولتے ہیں'۔
وہ ملک میں واحد شخص ہیں، جو مودی حکومت کے آگے نہیں جھکے ہیں۔ بی جے پی نے انہیں روکنے کے لیے کروڑوں روپے خرچ کیے، سوشل میڈیا پر مہم چلائی، لیکن حقیقت سب کے سامنے ہے۔ آج لوگ دیکھ رہے ہیں کہ راہل گاندھی سچ بولنے سے پیچھے نہیں ہٹتے، اس لیے اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو ان کے سچ سے خوف محسوس ہوتا ہے۔
محترمہ پرینکا نے کہا کہ ملک کے کسان پریشان ہیں، ملک کی ساری دولت اڈانی اور امبانی کو دے دی گئی ہے، لیکن اس تعلق سے سوال پوچھنے پر حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا جاتا۔ پارلیمنٹ میں وندے ماترم پر بحث ہوتی ہے، نہرو جی اور اندرا جی کی باتیں اٹھائی جاتی ہیں، لیکن مہنگائی، بے روزگاری اور تجارتی معاہدوں جیسے اہم مسائل پر بحث نہیں ہوتی۔


 



Comments


Scroll to Top