نئی دہلی : تیسری بار دہلی کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ کا اتوار کو حلف لینے جارہے اروند کیجریوال کے حلف برداری کی تقریب کی یہاں تاریخی رام لیلا میدان میں زور شور سے تیاریاں چل رہی ہیں۔ نوکر شاہ سے لیڈر بنے 51 سالہ کیجریوال کے لئے انا ہزارے کی قیادت میں انڈیا اگینسٹ کرپشن تحریک کے دوران ان کے ساتھ رہے اس میدان کو سجایا جا رہا ہے اور پارٹی کارکن تیاری میں لگے ہوئے ہیں-
حلف برداری پروگرام کے پیش نظر آس پاس کے علاقے میں بھیڑ بھاڑ ہونے کی امید ہے ۔اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے دہلی ٹریفک پولیس نے نوٹیفکیشن جاری کی ہے۔دہلی ٹریفک پولیس کی طرف سے ہفتے کو جاری نوٹیفکیشن میں کہاگیاہے کہ اتوار کی صبح آٹھ بجے سے دوپہر تک رام لیلا میدان علاقے میں ٹریفک پر پابندی رہے گی۔ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ حلف برداری پروگرام میں آ نے والے اپنی گاڑی سویک سینٹر،ماتاسندی روڈ،پاور ہاؤ س روڈ،ویلاڈرام رود،راج گھاٹ روڈ،شانتی ون پارکنگ،سروس روڈ راج گھاٹ اور سمتا استھل پر پارک کرسکتے ہیں۔حلف برداری پروگرام کو کور کرنے کیلئے رام لیلا میدان پر میڈیا کے او بی وین جواہر لال نہرو مارگ کی فٹ پاتھ پر کھڑے کرنے کی صلاح دی گئی ہے۔
بھیڑ کے امکان کے پیش نظر بسوں کو راج گھاٹ اور دلی گیٹ چوک سے گوروو نانک چوک وایا جواہر لال نہرو روڈ پر پابندی کی گئی ہے۔کسی قسم کی کمرشیل گاڑیوں اور بسوں کو چھتا ریل سے دہلی گیٹ چوک وایا نیتاجی سبھاش مارگ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ پہاڑگنج چوک وایا بہادر شاہ ظفر مارگ،دین دیال اپادھیائے منٹو روڈ سے کملا مارکٹ چوک وایا ویویک آنند مارگ اور بارہ کھمبا ٹالسٹائے سے رنجیت سنگھ فلائی اوور پر بھی کمرشیل گاڑیوں اور بسوں کی آمدورفت پر پابندی رہیگی۔
مسٹر کیجریوال مسلسل تیسری بار دہلی کے وزیراعلیٰ عہدے کا حلف لیں گے اور وہ اسی کے ساتھ سابق وزیراعلیٰ آنجہانی شیلا دیکشت کے ریکارڈ کی برابری کریں گے۔آنجہانی دیکشت 1998 سے 2013 تک مسلسل تین بار پندرہ برسوں تک دہلی کی وزیراعلیٰ رہیں ۔مسٹر کیجریوال اس سے پہلے 2013 اور 2015میں دہلی کے وزیراعلیٰ کے عہدے پر رہے ہیں اور اب یہ ان کا تیسرا دور اقتدار ہوگا۔