دمکا : جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے پانچویں اور آخری مرحلے کے تحت ہونے والے ووٹنگ میں بی جے پی کی انتخابی مہم کو تیز کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر اتوار کو دمکا پہنچے۔اس دوران انہوں نے انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں تاریخی بل پاس ہوا۔تین ممالک سے آئے غریبوں کو شہریت دے کر اعزاز دیا گیا ہے۔
انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جے ایم ایم اور کانگرس کے پاس جھارکھنڈ کی ترقی کا کوئی نہ روڈ میپ ہے اور نہ ارادہ ہے اور نہ کبھی ماضی میں کچھ کیا ہے۔ اگر وہ جانتے ہیں تو ان کو ایک ہی بات کا پتہ ہے، بی جے پی کی مخالفت کرو، مودی کو گالی دو،بی جے پی کی مخالفت کرتے کرتے ان لوگوں کو ملک کی مخالفت کرنے کی عادت ہو گئی ہے۔
مودی نے کہا کہ جو کام پاکستان کرتا ہے وہ کانگر س نے کیا ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ شہیدوں کی زمین کو، بہادروں کو جنم دینے والی ویر ماؤں کی زمین کو میں نمن کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں میں مجھے جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں میں جلسہ عام کرنے کا موقع ملا ہے۔میں جہاں بھی جا رہا ہوں وہاں کے عوامی جلسے کی پہلے کی ریلی کا ریکارڈ توڑ دیتے ہیں۔یہ عوامی حمایت دکھا رہی ہے کہ بی جے پی کو، کمل کے پھول کو آپ سب کی بالخصوص قبائلیوں کی بھرپور حمایت مل رہی ہے۔