باٹم/انڈونیشیا: انڈونیشیائی جزیرے باٹم کے ایک شپ یارڈ میں کچے پام تیل کے ٹینکر میں بدھ کے روز آگ لگنے کے بعد ہوئے زوردار دھماکے میں کم از کم 10 افراد کی موت ہو گئی اور 21 دیگر زخمی ہو گئے۔
ریاو جزیرے کے صوبہ پولیس چیف اسپ سفروالدین نے بتایا کہ جہاز کے گیس ٹینک میں اس وقت آگ لگ گئی جب ملازمین مرمت کا کام کر رہے تھے۔ ٹینکر کی مرمت تنجونگکانگ بندرگاہ کے شپ یارڈ میں چل رہی تھی۔ اس دوران ٹینکر میں آگ لگنے کے باعث زوردار دھماکہ ہوا، جس سے دوسرے ملازمین گھبرا کر بھاگ گئے۔ سفروالدین نے بتایا کہ دھماکے میں کم از کم 10 افراد کی موت ہو گئی اور 21 زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا، جن میں سے 4 کی حالت نازک ہے۔
سال 2009 میں بنے اس جہاز پر جون میں پیش آئے ایک ایسے ہی واقعے میں 4 افراد کی موت ہو گئی تھی اور 5 دیگر زخمی ہوئے تھے۔ حکام نے بتایا کہ آگ ویلڈنگ کے دوران چنگاریوں کی وجہ سے لگی تھی۔