پٹنہ: بہار میں عظیم اتحاد کی نئی حکومت کے قیام کے ایک ہفتہ سے بھی کم وقت کے اندر ہی وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سموار کو آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پرچم کشائی کرتے ہوئے بہار میں 20 لاکھ افراد کو نوکری اور روزگار فراہم کرنے کا اعلان کیا یہاں کے تاریخی گاندھی میدان میںپرچم کشائی کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ بہار کے نوجوانوں کو نوکری اور روزگار فراہم کرنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسمبلی انتخابات سے قبل عظیم اتحاد نے ریاست میں حکومت بننے پر 10 لاکھ لوگوں کو سرکاری نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا۔ جب سے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے تعلقات توڑکر اورعظیم اتحاد کے ساتھ نئی حکومت بنائی ہے تب سے بی جے پی نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو سے ان کے وعدوں کو یاد دلاتے ہوئے مسلسل سوال کر رہی ہے۔ جب مسٹر کمار قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں تھے تو بی جے پی نے بھی اسمبلی انتخابات کے دوران 19 لاکھ لوگوں کونوکری اور روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
مسٹر کمار نے کہا کہ وہ ریاست کو آگے لے جانے کے لیے نئی نسل کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ہماری حکومت ہمیشہ نئی نسل کے لوگوں کو آگے بڑھانے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ترجیح یہ ہے کہ بہار ایک ترقی یافتہ ریاست بنے اور اس کے لیے ہر ضروری کام کیا جا رہا ہے۔