ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منگل کو کپڑے کے کارخانے اور کیمیکل کے ایک گودام میں آگ لگنے سے کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا میں آئی خبروں سے یہ معلومات ملی ہیں۔ ریاستی زیر انتظام بی ایس ایس خبر رساں ایجنسی کے مطابق، میرپور علاقے میں کارخانے اور گودام کی دو عمارتوں میں لگی شدید آگ میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ بنگلہ زبان کے روزنامہ 'پرتھم آلو' نے بتایا کہ کارخانے کی پہلی اور دوسری منزل سے نو لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔
فائر سروس اور سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر (آپریشن اور مینٹیننس) لیفٹیننٹ کرنل محمد تاج الاسلام چودھری نے صحافیوں سے کہاہمیں شبہ ہے کہ تمام کی موت زہریلی گیس کے باعث ہوئی۔" انہوں نے بتایا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور فائر فائٹرز کارخانے میں تلاش کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فائر سروس اور سول ڈیفنس میڈیا وِنگ کے افسر طلحہ بن جاسم نے بتایا کہ آگ کی اطلاع انہیں مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 40 منٹ پر ملی اور بچاو¿ کے لیے پہلی ٹیم 11 بج کر 56 منٹ پر موقع پر پہنچی۔