نئی دہلی: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت تاجروں کو بغیر کسی گارنٹی کے 10 کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کرے گی محترمہ ریکھا گپتا نے منگل کے روز یہاں فرسٹ انڈیا فاو¿نڈیشن کے زیر اہتمام "ہندوستان میں مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ای) سیکٹر کے تحت خواتین صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کے عنوان سے رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ ان بے شمار خواتین کی شاندار کہانیوں کو پیش کرتی ہے جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنی محنت، عزم اور خود اعتمادی سے کامیابی کی نئی مثالیں قائم کیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں آج ہندوستان کی نصف آبادی نہ صرف مشغول ہو رہی ہے بلکہ قومی تعمیر میں بھی آگے بڑھ کر کردار ادا کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی حکومت نے تاجروں کو بغیر گارنٹی کے قرض فراہم کرنے کی پہل شروع کی ہے، جس کے تحت تجارت پیشہ افراد کو نئی تحریک دینے کے لیے بغیر کسی کولیٹرل سیکیورٹی کے 10 کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا۔ یہ اسکیم خود اعتمادی اور عزت نفس، بالخصوص خواتین، نوجوانوں اور کاروباری افراد کے لیے ایک طاقتور وسیلہ ثابت ہوگی۔