Latest News

نیپال میں عام انتخابات آج، جنریشن زیڈ مظاہروں کے بعد پہلا الیکشن

نیپال میں عام انتخابات آج، جنریشن زیڈ مظاہروں کے بعد پہلا الیکشن

کٹھمنڈو: نیپال میں گزشتہ سال ہونے والے جنریشن زیڈ کے مظاہروں کے بعد جمعرات کو یہاں عام انتخابات کرائے جائیں گے جن میں ملک کے ایک کروڑ نواسی لاکھ سے زیادہ ووٹر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ ایک عہدیدار نے یہ جانکاری  دی۔ گزشتہ سال پرتشدد جنریشن زیڈ مظاہروں کے بعد نیپال میں وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی حکومت گر گئی تھی۔
عہدیدار نے بتایا کہ جنریشن زیڈ مظاہروں کے بعد پہلی بار ہونے والے عام انتخابات میں ملک کے ایک کروڑ نواسی لاکھ سے زیادہ اہل ووٹر 275  رکنی ایوان نمائندگان کے انتخاب کے لیے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ایوان نمائندگان کے لیے 6500 سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں۔
ووٹنگ جمعرات کو صبح سات بجے شروع ہوگی اور شام پانچ بجے ختم ہوگی۔ بیلٹ بکس جمع کرنے کے فوراً بعد ووٹوں کی گنتی شروع کر دی جائے گی۔ انتخابات سے ایک دن پہلے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام انتخابی کمشنر رام پرساد بھنڈاری نے کہا کہ انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ انہوں نے ووٹروں سے جمہوری عمل میں سرگرمی اور جوش کے ساتھ حصہ لینے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ نیپال فوج کے اشتراک سے ایک مربوط سکیورٹی منصوبے کے تحت تین لاکھ سے زیادہ سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ بھنڈاری نے یقین ظاہر کیا کہ ووٹر بڑی تعداد میں اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے انتخابات کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے تمام فریقوں سے تعاون کی درخواست بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں بیلٹ بکس کو ضلع کے صدر مقام تک پہنچانے کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کیے جائیں گے۔
 



Comments


Scroll to Top