لکھنؤ:آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر اور شیعہ مذہبی رہنما مولانا کلب صادق کی حالت تشویشناک ،لیکن مستحکم ہے۔ بدھ کے روز مولانا صادق کے بیٹے کلب سبطین نوری نے بتایا کہ نمونیا کی سنگین بیماری میں مبتلا ان کے 82 سالہ والد کی حالت اب بھی سنگین، لیکن مستحکم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ والد گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے دارالحکومت لکھنؤ کے ایرا میڈیکل کالج میں داخل ہیں۔ نوری نے بتایا کہ ان کے والد کو سانس لینے میں دشواری ہورہی ہے۔ تاہم ، کووڈ- 19 کی تحقیقاتی رپورٹ میں انفیکشن کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ان کے بلڈ پریشر اور آکسیجن کی سطح میں مسلسل کمی کے بعد انہیں منگل کی شام کو آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔

سبطین نوری نے کہا کہ اگرچہ والد (مولانا کلب صادق) کی حالت سنگین ہے ، لیکن اس میں مزید گراوٹ نہیں آئی ہے ۔ قابل غور ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر ، مولانا کلب صادق پوری دنیا میں اپنی لبرل شبیہ کے لئے جانے جاتے ہیں۔