نئی دہلی: وزیرِاعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز مہاشیو راتری کے موقع پر ملک کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے آدی دیو مہادیو سے امن، خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کی پراتھنا کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں وزیرِاعظم نے کہا، “ملک بھر میں اپنے خاندان کے افراد کو مہاشیو راتری کی پرتپاک مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں پراتھنا کرتا ہوں کہ آدی دیو مہادیو کی کرپا سب پر بنی رہے۔ ان کی برکت سے سب کو خوشحالی اور فلاح نصیب ہو اور ہمارا ملک ترقی کی بلندیوں کو چھوئے۔ ہر ہر مہادیو!
مہاشیو راتری ہندو روایت کا ایک نہایت اہم تہوار ہے جو بھگوان شیو کے نام منسوب ہے اور اس موقع پر برتھ رکھا جاتا ہے اور مندروں میں خصوصی رسومات ادا کی جاتی ہیں۔ عقیدت مند شیو مندروں میں حاضری دیتے ہیں، شِولنگ پر دودھ اور بیل پتر چڑھاتے ہیں اور بھجن گاتے ہیں۔
وزیرِاعظم کا پیغام سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گونجا، جہاں لوگوں نے “ہر ہر مہادیو” کے نعروں کے ساتھ ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والی تقریبات کی تصاویر شیئر کیں۔ گزشتہ برسوں کی طرح وزیراعظم مودی نے اس بار بھی سوشل میڈیا کے ذریعے تہوار کی مبارکباد دیتے ہوئے اتحاد، روحانی اقدار اور قومی ترقی پر زور دیا۔
مہاشیو راتری کی تقریبات ملک کی مختلف ریاستوں میں جلسے اور جلوسوں کے ساتھ منائی گئیں، جو ہندستان کے متنوع سماجی ڈھانچے میں اس تہوار کی گہری ثقافتی اور روحانی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔