Latest News

بڑا حادثہ : انڈو نیشیا میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا قہر ! سُماترا جزیرے پر 10 افراد جاں بحق،  6  لاپتہ

بڑا حادثہ : انڈو نیشیا میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا قہر ! سُماترا جزیرے پر 10 افراد جاں بحق،  6  لاپتہ

 نیشنل ڈیسک: انڈونیشیا کے جزیرہ سماترا میں موسلا دھار بارش کے بعد اچانک آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ( مٹی کے تودے گرنے ) سے کم از کم دس افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور چھ افراد لاپتہ ہو گئے۔ پولیس نے بدھ کے روز یہ جانکاری دی۔ قومی پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید بارش کے باعث دریا اُپھان پر آ گئے، جس کے بعد سیلاب نے علاقے میں تباہی مچا دی۔ اس واقعے کے بعد امدادی کارکن شمالی سماترا کے چھ اضلاع میں متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق بدھ تک امدادی اہلکار سب سے زیادہ متاثر شہر سبولگا سے کم از کم پانچ نعشیں اور تین زخمی افراد کو نکال چکے ہیں اور چار لاپتہ دیہاتیوں کی تلاش جاری ہے۔ اسی دوران پڑوسی ضلع وسطی تپنولی میں لینڈ سلا ئیڈنگ ( مٹی کا تودہ گرنے ) سے ایک ہی خاندان کے کم از کم چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ سیلاب کے سبب تقریبا دو ہزار گھر اور عمارتیں پانی میں ڈوب گئیں۔ اس آفت کے دوران جنوبی تپنولی ضلع میں درخت جڑ سے اکھڑ گئے جس سے ایک دیہاتی کی موت ہو گئی۔
سبولگا کے پولیس سربراہ ایڈی انگنٹا نے بتایا کہ ہنگامی پناہ گاہیں قائم کر دی گئی ہیں اور حکام نے خطرے والے علاقوں کے رہنے والوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی اپیل کی ہے۔ اکتوبر سے مارچ تک ہونے والی شدید موسمی بارشوں کے باعث انڈونیشیا میں اکثر مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب جیسی آفات پیش آتی ہیں۔ یہ سترہ ہزار سے زیادہ جزیروں پر مشتمل ملک ہے، جہاں لاکھوں لوگ پہاڑی علاقوں یا زرخیز میدانوں کے قریب رہتے ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top