انٹرنیشنل ڈیسک:امریکہ میں بھارت کے سفیر وِنئے موہن کواترانے یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں منشیات کے خلاف دوطرفہ تعاون میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران دونوں فریقین نے منشیات کی سمگلنگ کو روکنے کے لیے مو¿ثر نفاذ اور مضبوط ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ بھارتی سفارت خانے نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ کواترا نے منشیات کے خلاف تعاون پر بھارت-امریکہ منشیات پالیسی فریم ورک کے ایگزیکٹو گروپ کے اجلاس میں افتتاحی خطاب دیا۔
سفارت خانے کے مطابق اس موقع پرکواتراکے ساتھ امریکہ کے نیشنل ڈرگ کنٹرول پالیسی آفس (او این ڈی سی پی) کی ڈائریکٹر سارا کارٹر بھی موجود تھیں۔ پوسٹ کے مطابق، بحث و مباحثے میں منشیات کی سمگلنگ اور منشیات کی پیداوار میں استعمال ہونے والے کیمیکلز کے غلط استعمال کے خطرات سے نمٹنے کے لیے کیے جا رہے باہمی اقدامات اور مسلسل تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ بھارت-امریکہ منشیات پالیسی فریم ورک ایگزیکٹو گروپ ایک دوطرفہ اعلیٰ سطحی ادارہ ہے، جسے دونوں ممالک کے درمیان منشیات کے خلاف جامع حکمت عملی اور عوامی صحت کے تعاون کی نگرانی اور نفاذ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔