National News

کیجریوال کو جیل میں انسولین نہیں دی جارہی ہے: آپ

کیجریوال کو جیل میں انسولین نہیں دی جارہی ہے: آپ

 نئی دہلی:عام آدمی پارٹی (آپ) نے مودی حکومت پر وزیر اعلی اروند کیجریوال کی زندگی سے کھیلنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ انہیں جیل میں انسولین نہیں دی جارہی ہے۔ آپ کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے جمعہ کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کام کرنے کا طریقہ کار اور ان کے لیڈروں کے کام کرنے کا طریقہ کسی کی جان لینے کی حد تک سازشوں کا باعث بن سکتا ہے۔

مسٹر کیجریوال کے خلاف جاری کارروائی کو دیکھتے ہوئے میں کہہ سکتا ہوں کہ ان کے خلاف ایک گہری سازش رچی گئی ہے اور جیل میں ان کے ساتھ کوئی بھی حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ تین بار منتخب ہونے والے وزیر اعلیٰ کے ساتھ دہشت گردوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ، ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو دہشت گردوں کی طرح ملنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

آپ کا الزام، تہاڑ جیل میں کیجریوال کو نہیں مل رہی ہے انسولین

مسٹر سنگھ نے کہا کہ جیل قوانین کے مطابق کسی بھی قیدی کی صحت اور خوراک سے متعلق کوئی بھی معلومات عام نہیں کی جا سکتی ہیں۔ جمعرات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مسٹر کیجریوال کے جھوٹے ڈائیٹ چارٹ کو کس بنیاد پر میڈیا میں عام کیا؟ اس کے پیچھے کیا سازش ہے؟ کیا ای ڈی جیل انتظامیہ کے ساتھ مل کر مسٹر کیجریوال کو کسی بہانے زہر دے کر مارنے کی سازش کر رہی ہے؟ مسٹر سنجے سنگھ نے کہا کہ مسٹر کیجریوال پچھلے 30 برسوں سے ذیابیطس کے مریض ہیں اور انسولین لیتے ہیں۔ انسولین کسی بھی ذیابیطس کے مریض کے لیے بہت اہم دوا ہے۔

اگر اسے وقت پر انسولین نہ دی جائے تو وہ مر سکتا ہے۔ وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے کہنے پر دہلی کے وزیر اعلیٰ کی جان سے کھیلا جا رہا ہے۔ ایمس جیسے بڑے ہسپتالوں میں بڑے مجرموں کا علاج ہوتا ہے، لیکن جیل انتظامیہ تین بار منتخب ہونے والے وزیر اعلیٰ کو انسولین فراہم نہیں کر رہی ہے۔ آپ کے لیڈر نے کہا کہ ہم جلد ہی صدر جمہوریہ اور الیکشن کمیشن سے مسٹر کیجریوال کی زندگی کے ساتھ کھیلنے کی شکایت کریں گے۔ ہم جیل انتظامیہ اور ای ڈی حکام کو معطل کرنے کا مطالبہ کریں گے جو ہمارے لیڈر کو بدنام کرنے اور ان کی زندگی سے کھیلنے کی سازش میں ملوث ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top