انٹرنیشنل ڈیسک: جدید زندگی میں فوڈ ڈیلیوری ایپس نے اگرچہ لوگوں کے لیے کھانا منگوانا آسان بنا دیا ہے، لیکن جاپان کے ناگویا شہر کے ایک شخص نے اسی سہولت کا فائدہ اٹھا کر ایک ڈیلیوری پلیٹ فارم کو زبردست نقصان پہنچایا ہے۔ 38 سالہ تاکویا ہیگاشیموتو نے مبینہ طور پر دو سال تک پلیٹ فارم کی ریفنڈ پالیسی میں خامیاں ڈھونڈ کر مفت میں کھانا کھایا، جس سے کمپنی کو تقریبا 3.7 ملین ین (24,000 امریکی ڈالر)یعنی قریب 21 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ (SCMP) کی رپورٹ کے مطابق ہیگاشیموتو جو پچھلے کئی سالوں سے بے روزگار ہے، نے فوڈ ڈیلیوری پلیٹ فارم ڈیمائے-کین (Demae-can) کی ریفنڈ پالیسی کا غلط استعمال کیا۔ وہ پلیٹ فارم پر آرڈر کرتا تھا۔ آرڈر ملنے کے باوجود وہ جھوٹا دعوی کرتا تھا کہ اسے کھانا نہیں ملا ہے۔ اس دھوکہ دہی سے اس نے دو برسوں میں 1,095 آرڈروں کے لیے ریفنڈ حاصل کیا۔ ہیگاشیموتو نے اس دوران ایئل بینٹو، ہیمبرگر اسٹیک اور آئس کریم جیسی مہنگی اور لگژری چیزیں منگوائیں۔
کیسے دیا کمپنی کو چکمہ؟
اپنی پہچان چھپانے اور مسلسل ریفنڈ حاصل کرنے کے لیے ہیگاشیموتو نے نہایت چالاکی سے کام کیا۔ اس نے ڈیمائے-کین پلیٹ فارم پر 124 جعلی اکاؤنٹس بنائے۔ یہ سب اکاؤنٹس فرضی ناموں سے اور غلط پتوں پر رجسٹرڈ تھے۔ وہ ان جعلی اکاؤنٹس کے لیے پری پیڈ موبائل فون کارڈ خریدتا تھا۔ جس کے لیے اس نے جعلی شناختی کارڈوں کا استعمال کیا اور پھر ان کارڈوں کو فورا منسوخ کر دیتا تھا۔ ایک مثال کے طور پر 30 جولائی کو اس نے ایپ کے چیٹ فیچر کا استعمال کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اسے اس کا آرڈر نہیں ملا۔ اسی دن اسے 16,000 یین (105 امریکی ڈالر)کا ریفنڈ مل گیا۔ گرفتاری کے بعد اس نے پولیس کو بتایا، "پہلے تو میں نے یہ صرف ایک چال کے طور پر شروع کیا۔ ایک بار جب مجھے اس دھوکہ دہی کا فائدہ ملنے لگا تو میں اسے روک نہ سکا۔
کمپنی اور صارفین کا ردعمل
یہ معاملہ مقامی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تیزی سے وائرل ہو گیا۔ واقعہ سامنے آنے کے بعد ڈیمائے-کین پلیٹ فارم نے اپنی شناختی تصدیق کے نظام کو بہتر بنانے اور غیر معمولی لین دین کے لیے ایک وارننگ سسٹم نافذ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ پلیٹ فارم کی ریفنڈ پالیسی میں بہتری کی ضرورت ہے۔ وہ گاہکوں کے ساتھ بہت زیادہ نرمی برتتے ہیں۔ ایک دوسرے صارف نے ہیگاشیموتو کی محنت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کافی چالاک ہے۔ مجھے یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ وہ اتنے سارے اکاؤ نٹس کھولنے اور ڈیلیوری پلیٹ فارم میں ہیرا پھیری کرنے میں بہت محنتی ہے۔