Latest News

لداخ کشیدگی کے بعد جے شنکر کا پہلا چین دورہ، ایس سی او اجلاس میں لیں گے حصہ

لداخ کشیدگی کے بعد جے شنکر کا پہلا چین دورہ، ایس سی او اجلاس میں لیں گے حصہ

انٹرنیشنل ڈیسک: ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر آئندہ ہفتے چین کے شہر تیانجن میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین جائیں گے۔ چینی وزارت خارجہ نے ہفتے کے روز اس کی تصدیق کی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا یہ اجلاس 15 جولائی کو منعقد ہو گا۔ اس میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر ہندوستان سمیت تمام 10 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ اجلاس میں رکن ممالک کئی اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ، جے شنکر کا یہ دورہ مشرقی لداخ میں دونوں ممالک کے درمیان ایل اے سی تنازعہ کے بعدچین کا پہلا دورہ ہوگا۔ امیدہے کہ جے شنکر اور وانگ یی کے درمیان سرحدی تنازعہ، تجارت میں درکار دھاتوؤں کی فراہمی جیسے مسائل پر بھی الگ الگ بات چیت ہو سکتی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ جے شنکر اس سے پہلے 13 جولائی کو بیجنگ پہنچیں گے اور وانگ یی سے الگ سے ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور این ایس اے اجیت ڈوبھال کے حالیہ دورہ چین کے بعد ہو رہا ہے۔ 
چین اس وقت شنگھائی تعاون تنظیم کا چیئرمین ہے اور اسی حیثیت سے تمام بڑے اجلاس چین میں ہو رہے ہیں۔ وزیر دفاع سنگھ نے جون میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے دفاع کی میٹنگ کے دوران چین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ایک روڈ میپ تیار کرکے 'پیچیدہ مسائل' کا حل تلاش کرے۔ ہندوستان اور چین کے درمیان سرحدی تنازعے کے حوالے سے اب تک خصوصی  مذاکرات کے 23  دور ہو چکے ہیں لیکن کوئی ٹھوس حل نہیں نکل سکا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ وانگ یی جلد ہی ہندوستان آ سکتے ہیں اور این ایس اے ڈوبھال کے ساتھ دوبارہ بات چیت کر سکتے ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top