انٹر نیشنل ڈیسک : جدہ میں واقع ہندوستانی قونصل خانہ نے سعودی عرب میں بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہندوستانی عمرہ زائرین کے اہل خانہ کی مدد کے لیے مدینہ میں ایک کیمپ دفتر قائم کیا ہے۔ مشن کی طرف سے منگل کو یہ جانکاری دی گئی۔ پیر کی صبح مدینہ کے قریب ایک بس اور ایندھن کے ٹینکر کے درمیان ٹکر میں عمرہ کے لیے گئے 43 ہندوستانی مارے گئے، جن میں 42 تلنگانہ سے تھے۔ مقامی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک ہندوستانی زندہ بچ گیا ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔ ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں قونصل خانہ نے کہا کہ اس نے حادثے میں مارے گئے ہندوستانیوں کے اہل خانہ کی مدد کے لیے مدینہ میں واقع ہندوستانی حج یاتری دفتر میں کیمپ دفتر قائم کیا ہے۔
ایک الگ پوسٹ میں مشن نے کہا کہ قونصل جنرل فہد احمد خان سوری نے حادثے میں زندہ بچنے والے واحد شخص عبدالشعیب محمد سے ملاقات کی، جن کا فی الحال مدینہ کے ایک ہسپتال میں علاج جاری ہے۔ اس میں کہا گیا، متعلقہ ہسپتال حکام نے اطلاع دی ہے کہ انہیں (شعیب کو) بہترین ممکنہ طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ قونصل خانہ ان کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہے۔
ادھر، ایران نے سعودی عرب میں سڑک حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہندوستانی زائرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باقی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں متاثرین کے اہل خانہ سے اپنی تعزیت کا اظہار کیا اور ہندوستان کی عوام اور حکومت کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ترجمان نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت کی دعا اور واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے خدا سے دعا کی۔