وینکوور: امریکہ میں قائم خالصتانی تنظیم 'سکھ فار جسٹس' (SFJ) نے ایک بار پھر ہندوستان مخالف سرگرمیوں کو ہوا دیتے ہوئے جمعرات (18 ستمبر)کو وینکوور میں واقع ہندوستانی قونصل خانے کو گھیرنے کی دھمکی دی ہے۔ تنظیم نے کینیڈا میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں اور انڈو-کینیڈین کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن قونصل خانے کے آس پاس نہ جائیں۔
SFJ کی جانب سے جاری بیان اور تشہیری مواد میں کہا گیا ہے کہ یہ 'گھیرا' بھارت حکومت کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا جائے گا۔ اس علیحدگی پسند تنظیم نے بھارت کے نئے ہائی کمشنر دنیش پٹنائک کا ایک پوسٹر بھی جاری کیا ہے، جس میں ان کے چہرے پر نشانہ (ٹارگٹ مارک) بنایا گیا ہے۔ یہ پوسٹر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور بھارتی کمیونٹی میں تشویش کا سبب بن گیا ہے۔
وزارت خارجہ چوکنا، سیکیورٹی ایجنسیاں الرٹ پر
ہندوستان حکومت اور وزارت خارجہ نے اس دھمکی کو سنجیدگی سے لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، کینیڈا میں ہندوستانی مشنز کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
ہندوستان -کینیڈا تعلقات پر اثر
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اور کینیڈا کے درمیان پہلے سے ہی سفارتی تعلقات کشیدہ بنے ہوئے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں خالصتانی حامی سرگرمیوں میں اضافہ اور بھارتی مشنز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات سے دونوں ممالک کے رشتوں میں تلخی آ گئی ہے۔