National News

بھارت کا بڑا ریسکیو آپریشن: ایران سے1200 شہری محفوظ نکالے، وزیر اعظم مودی نے کی عالمی رہنماوں سے اہم اپیل

بھارت کا بڑا ریسکیو آپریشن: ایران سے1200 شہری محفوظ نکالے، وزیر اعظم مودی نے کی عالمی رہنماوں سے اہم اپیل

انٹر نیشنل ڈیسک: مغربی ایشیا میں جاری شدید تنازع کے درمیان بھارت نے اپنے شہریوں کو محفوظ نکالنے کے لیے بڑا آپریشن شروع کیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعرات کو بتایا کہ اب تک 1200سے زیادہ بھارتی شہریوں کو ایران سے محفوظ نکال لیا گیا ہے جن میں845 طلبہ شامل ہیں۔ حکومت نے یہ کارروائی نہایت حکمت عملی کے ساتھ انجام دی۔996بھارتی شہریوں کو آرمینیا اور204 افراد کو آذربائیجان پہنچایا گیا۔ وہاں سے انہیں محفوظ طور پر بھارت واپس لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ وزارت خارجہ مقامی انتظامیہ اور بھارتی سفارت خانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
نکالے گئے افراد میں سب سے بڑی تعداد طلبہ کی ہے جو ایران میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ حکومت نے ان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے خصوصی انتظامات کیے۔ اس بحران کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کئی عالمی رہنماوں سے گفتگو کی۔ 28 مارچ کو انہوں نے محمد بن سلمان سے بات چیت کی جس میں مغربی ایشیا کے تنازع پر تشویش ظاہر کی گئی اور توانائی کے ڈھانچے پر حملوں کی مذمت کی گئی۔ انہوں نے سمندری راستوں کی حفاظت اور انہیں کھلا رکھنے پر زور دیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق28 فروری سے اب تک 624000سے زیادہ مسافر مغربی ایشیا سے بھارت واپس آ چکے ہیں۔ آج بھی متحدہ عرب امارات سے بھارت کے لیے تقریباً 90 پروازیں چلنے کی امید ہے۔ وزارت خارجہ نے واضح کیا کہ دنیا کے اس بحرانی ماحول میں بھارتی شہریوں کی سلامتی حفاظت اور بہبود حکومت کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔

                
 



Comments


Scroll to Top