تل ابیب: اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ مزید بھیانک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے خلاف اسرائیل کے حملے آنے والے دنوں میں مزید تیز اور مہلک ہوں گے۔وزیر دفاع اسرائیل کاٹز، آئی ڈی ایف چیف اور موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنیا کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کے بعد نیتن یاہو نے کہا،ہماری افواج اب تہران کے دل یعنی مرکز میں بڑھتی ہوئی شدت کے ساتھ حملے کر رہی ہیں اور آنے والے دنوں میں یہ حملے مزید بڑھیں گے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ طاقت نے انہیں وہ کرنے کا موقع دیا ہے جس کا وہ پچھلے 40 سال سے انتظار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس دہشت گرد حکومت پر فیصلہ کن حملہ کرنے کا اپنا وعدہ پورا کریں گے۔
ایران کی جانب سے اسرائیل پر کیے گئے جوابی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے نیتن یاہو نے تسلیم کیا کہ یہ اسرائیل کے لیے دردناک دن ہیں۔ انہوں نے تل ابیب اور بیت شیمش میں ہونے والے ایرانی حملوں کے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔