واشنگٹن:امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے سابق ڈائریکٹر رابرٹ مولر81 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کے خاندان نے بتایا کہ انہوں نے جمعہ کی رات آخری سانس لی۔ تاہم موت کی وجہ ابھی واضح نہیں ہو سکی۔ مولر نے 2001 سے 2013تک ایف بی آئی کی قیادت کی اور 11ستمبر کے حملوں کے بعد امریکہ کے حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں 2016کے امریکی صدارتی انتخاب میں روس کے مبینہ کردار اور ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم سے اس کے تعلقات کی جانچ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ تقریباً 22 ماہ تک چلنے والی اس جانچ میں 34 افراد پر الزامات عائد کیے گئے جن میں ٹرمپ کے ساتھی روسی افسران اور کمپنیاں شامل تھیں۔ کئی ملزمان نے جرم قبول کیا اور انہیں سزا بھی ہوئی۔
مولر کے انتقال کے بعد ٹرمپ کا بیان سب سے زیادہ زیر بحث ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا۔ اچھا ہوا۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ مر گیا۔ اب وہ بے قصور لوگوں کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ اس بیان پر امریکہ میں سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ کئی لوگوں نے اسے غیر حساس اور سیاسی دشمنی سے بھرا ہوا قرار دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ مولر کی جانچ اور ٹرمپ کے ساتھ ان کا تنازع امریکی سیاست کے سب سے زیادہ زیر بحث ابواب میں سے ایک رہا ہے جو اب ان کے انتقال کے بعد بھی گفتگو میں بنا ہوا ہے۔