نئی دہلی : اگر آپ اپنے ڈرائنگ روم کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ملنے والے تحائف سے سجانا چاہتے ہیں تو آپ انھیں گھر بیٹھے آن لائن نیلامی میں خرید سکتے ہیں۔
یہ نیلامی 14 ستمبرسے تین اکتوبر تک ہوگی جس میں مسٹر مودی کے ملنے والے رنگا رنگ، نایاب اور انوکھے تحائف خریدے جا سکیں گے۔ ان میں چاندی کی تلوار سے لے کر وزیرا عظم کی تھری ڈی امیج والی دستکاری تک شامل ہے۔ نیلامی سے ملنے والی رقم کا استعمال نمامی گنگے منصوبے میں خرچ کی جائے گی۔
ثقافت و سیاحت کے مرکزی وزیرپرہلاد پٹیل نے بدھ کے روز یہاں نیشنل میوزیم آف آرٹ میں مسٹر مودی کو ملنے والے تحائف کی نمائش کا افتتاح کیا ۔ انہوںنے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کو گزشتہ 6 ماہ ملے تحائف میں سے 2772 چیزوں کو آن لائن نیلام کیا جارہا ہے۔ یہ نیلامی 14ستمبر سے ہوگی جو تین اکتوبر تک چلے گی اور اسے ایک ماہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نیلامی کے لئے تمام اشیا ء کی محفوظ قیمت رکھی گئی ہے اور اس پر بولی لگائی جائے گی۔ تحائف کی فروخت محفوظ قیمت سے کم قیمت پر نہیں ہوگی۔