وینکوور : ناسا کے آرٹیمس 2 مشن نے پانچویں دن ایک اہم مرحلہ طے کرتے ہوئے چاند کے قریب سے گزرنے کے لیے فلائی بائی کی تیاریوں کو تیز کر دیا ہے۔ موصولہ معلومات کے مطابق مشن کے دوران ٹیم نے خصوصی خلائی سوٹس کی جانچ اور ڈیمو کیا تاکہ آئندہ چاند کے قریب سے محفوظ انداز میں گزرنے کا مرحلہ کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔
مشن کے پانچویں دن اورین خلائی جہاز سے لی گئی تصویر میں زمین دور ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے جو خلا کی سیاہ پس منظر میں مزید چھوٹی نظر آ رہی ہے۔ یہ منظر ظاہر کرتا ہے کہ ٹیم مسلسل چاند کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔ ناسا کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق مشن کی بعض تکنیکی سرگرمیوں میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے جبکہ کچھ عمل آئندہ مرحلے کے لیے موخر کر دیے گئے ہیں۔
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ مشن انسانی خلائی سفر کی تاریخ میں ایک اہم قدم ثابت ہوگا جو مستقبل میں چاند اور مریخ کے مشنز کے لیے راستہ ہموار کرے گا۔