جئے پور: راجستھان کے جئے پور میں واقع ایک کارخانے میں آکسیجن سلنڈر پھٹنے کے واقعے میں مرنے والوں کی تعداد تین ہو گئی ہے۔ پولیس نے اتوار کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ ہفتہ کی رات وشوکرما صنعتی علاقے کی کرنی وہار کالونی میں واقع کارخانے میں اس وقت پیش آیا، جب سلنڈر میں آکسیجن بھری جا رہی تھی، اسی دوران ایک سلنڈر میں زور دار دھماکہ ہو گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ کارخانے پر لگی ٹین کی شیڈ اڑ گئی اور ایک دیوار بھی منہدم ہو گئی۔
پولیس نے بتایا کہ ایک ملازم کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جس کی شناخت جھارکھنڈ کے رہائشی منّا رائے کے طور پر ہوئی ہے۔ وشوکرما تھانہ انچارج رویندر سنگھ نروکا نے بتایا کہ حادثے میں مرلی پورہ کے رہائشی کارخانہ منیجر ونود گپتا (45) اور جھارکھنڈ کے رہائشی ملازم شبو عرف انو شدید طور پر زخمی ہو گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ونود کو منی پال ہسپتال اور شبو کو سوائی مان سنگھ ہسپتال میں داخل کرایا گیا۔ دیر رات علاج کے دوران دونوں کی موت ہو گئی۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ معاملے کی جانچ جاری ہے۔