نیشنل ڈیسک: دبئی کی چمک دمک بھری زندگی میں ایک ایسا نوجوان ستارہ تھا، جس نے اپنی صلاحیت اور محنت سے سب کی توجہ حاصل کی، لیکن دیوالی کے بالکل اگلے دن اس کی زندگی کی رفتاراچانک تھم گئی۔ 18 سالہ وشنو کرشن کمار، جو متحدہ عرب امارات کے معزز گولڈن ویزا کے حقدار تھے، دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ یہ حادثہ دبئی انٹرنیشنل اکیڈمک سٹی میں جاری دیوالی تقریب کے دوران پیش آیا۔ انہیں فورا ہسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ وشنو کی اچانک موت نہ صرف ان کے خاندان کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے، بلکہ ہندوستانی کمیونٹی کے لیے بھی ایک گہرا صدمہ ثابت ہوئی۔
صلاحیت اور کامیابیوں سے بھری مختصر زندگی
کیرالہ کے چینی تھالا، الپوزہ کے رہائشی وشنو کی پیدائش اور پرورش دبئی میں ہوئی۔ ان کے والد وی جی کرشن کمار گزشتہ 20 سالوں سے دبئی میں کام کر رہے ہیں، جبکہ والدہ وِدو کرشن کمار جی ای ایم ایس اسکول میں استانی ہیں۔ چھوٹی بہن وِرشتی کے ساتھ وہ ایک خوشحال خاندان کا حصہ تھے۔
وشنو کوئی عام طالب علم نہیں تھے۔ سی بی ایس ای جماعت 12 میں انہوں نے 97.4 فیصد نمبر حاصل کیے اور اپنی کلاس میں اول آئے۔ مارکیٹنگ اور انٹرپرینیورشپ میں انہیں مکمل نمبر حاصل ہوئے۔ وہ جی ای ایم ایس اسکول کے سابق ہیڈ بوائے اور اسکول کونسل کے چیئرمین رہ چکے تھے۔ اس کے علاوہ ماڈل یونائیٹڈ نیشنز (ایم یو این)کلب کے صدر بھی رہے۔ انہوں نے دبئی کی کئی کمپنیوں میں انٹرن شپ کی اور سوشل میڈیا پر فنانشیل ایڈوائز (مالی مشوروں )، لائف اسٹائل موٹیویشن(طرزِ زندگی کی تحریک )اور ورک آؤٹ روٹین (ورزش کے معمولات )پر منصوبے چلائے۔ مڈل سیکس یونیورسٹی دبئی میں بی بی اے مارکیٹنگ کے طالب علم کے طور پر ان کے ہم جماعت انہیں "Tycoon in the Making" کہتے تھے۔ ان کا خواب تھا کہ ایک دن دبئی میٹرو اسٹیشن ان کے نام پر رکھا جائے۔
متحدہ عرب امارات کے گولڈن ویزا کے حقدار
ان کی بہترین تعلیمی اور قیادت کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے انہیں یو اے ای کا گولڈن ویزا دیا گیا، جو غیر ملکی طلبہ کو بغیر مقامی کفیل کے طویل مدت تک رہنے، پڑھنے اور کام کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
دیوالی کے اگلے دن پیش آیا دل دہلا دینے والا حادثہ
22 اکتوبر 2025 کی شام، دیوالی کے فوراً بعد، دبئی انٹرنیشنل اکیڈمک سٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران وشنو اچانک گر پڑے۔ خاندان کے مطابق انہیں فورا ہسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹروں نے انہیں "ڈیٹھ آن ارائیول" قرار دے دیا۔ وجہ: دل کا دورہ۔ خاندان اور دوستوں کے مطابق، وشنو کو پہلے سے کوئی دل کی بیماری نہیں تھی۔ دبئی پولیس کے فورینسک شعبے نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔