نئی دہلی:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ پولیس کسی کی دشمن نہیں بلکہ عام شہریوں کی بھلائی چاہتی ہے ، مذہب اور ذات سے اوپر اٹھ کر کام کرتی ہے نیز امن و قانون کی دوست ہے۔ اس لئے ہمیشہ اس کا احترام کیا جانا چاہئے ۔
مسٹر شاہ نے دہلی پولیس کے 73 ویں یوم تاسیس کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اتوار کے روز کہا کہ دلی پولیس صرف دہلی کی پولیس فورس نہیں بلکہ ملک کے دارالحکومت کی پولیس فورس ہے، جس کی وجہ سے پورے ملک کو اس سے ترغیب ملتی ہے لہٰذا کسی اشتعال میں آئے بغیر شہریوں کو فسادیوں سے محفوظ رکھنا دہلی پولیس کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب عام شہری تہواروں کی دھوم میں مست رہتے ہیں اس وقت پولیس کے جوان تہوار منانے کی بجائے اپنا فرض ادا کرتے ہیں اور مذہب ذات سے اوپر اٹھ کر اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک کئے بغیر امن و امان قائم کرنے میں مصروف رہتے ہیں۔ اس لئے پولیس کا احترام ضروری ہے۔ ہر شہری کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ پولیس ہماری حفاظت کے لئے ہے، صرف اس پر تنقید کرنا یا فسادیوں کا اسے نشانہ بنانا ٹھیک نہیں اور ان کے کام کو سمجھنا ضروری ہے۔
وزیر داخلہ نے یوم تاسیس کی مبارکباد دیتے ہوئے دہلی پولیس کے جوانوں سے کہا کہ جب ہم دہلی اور ملک کی حفاظت میں آپ کے کردار کو دیکھتے ہیں تو پتہ چلتا ہے کہ دہلی پولیس نہ صرف ملک کی بلکہ دنیا کی میٹروپولیٹن پولیس فورسز کی اہم صفوں میں اپنا مقام یقینی بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی پولیس کے لئے یہ بھی فخر کی بات ہے کہ اس کی تشکیل خود مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل نے کی، جن کا کردار پورے ملک کو متحد کرنے میں منفرد ہے۔