نئی دہلی:دہلی میں رانی جھانسی روڑ کے اناج منڈی علاقے میں اتوار کی صبح لگی زبردست آتشزدگی کے معاملے میں دہلی پولیس نے فیکٹری کے مالک ریحان کو حراست میں لے لیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ریحان کوتعزیرات ہند کی دفعہ 304 (غیر ارادتا قتل) کے تحت حراست میں لیا گیا ہے یہ کیس کرائم برانچ کو سونپنے کے کچھ دیر بعد ہی یہ کارروائی کی گئی ہے۔

https://twitter.com/ANI/status/1203670624058494976
بتایا جا رہا ہے کہ جس فیکٹری میں بیگ بنائے جا رہے تھے اس کے لئے کوئی لائسنس نہیں لیا گیا تھا اور محکمہ فائر بریگیڈ سے بھی کوئی باضابطہ اجازت نہیں لی گئی تھی۔ اس حادثے کا سبب پہلے شارٹ سرکٹ بتایا جا رہا تھا لیکن جانچ کے بعد ہی اصلیت سامنے آئے گی۔اس سے پہلے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے جائے حادثہ کا دورہ کیا تھا اور یہ کہا تھا کہ جو بھی قصوروار پایا جائے گا اس بخشا نہیں جائے گا۔اس حادثے میں 43 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور دہلی حکومت نے معاملے کی مجسٹریٹ سے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

دہلی پولیس نے اگرچہ اس سے پہلے فیکٹری مالک ریحان کے بیٹے کو حراست میں لے لیا تھا جس کے بعد ریحان کو تلاش کیا جا رہا تھا۔حادثے کی معلومات حاصل کرنے کے بعد جائے حادثہ پر پہنچے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کروائی جائے گی اور اس کے لئے ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔