نیشنل ڈیسک: امریکی ریٹیلر کوسٹکو ہول سیل کارپوریشن (Costco Wholesale Corp) ہندوستان میں اپنا پہلا ٹیکنالوجی سینٹر کھولنے جا رہی ہے۔ رائٹرز کو موصول ہونے والی جانکاری کے مطابق یہ سنٹر حیدرآباد میں قائم کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق، یہ گلوبل کیپبلیٹی سینٹر (جی سی سی)ابتدائی طور پر تقریبا 1000 افراد کو ملازمت دے گا، اور مستقبل میں اس میں توسیع کا منصوبہ ہے۔ یہ مرکز ٹیکنالوجی اور تحقیقی کاموں کو سنبھالے گا اور Costco کی عالمی ٹیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
جی سی سی کا بدلتا ہوا کردار
جہاں پہلے GCCs کو کم لاگت والے آؤٹ سورسنگ مراکز کے طور پر دیکھا جاتا تھا، وہیں اب یہ ادارے اپنی بنیادی تنظیموں کو روز مرہ کے آپریشنز، فنانس، تحقیق اور ترقی (R&D) جیسے کئی اہم کاموں میں مدد فراہم کر رہے ہیں ۔ ہندوستان پہلے ہی بہت سی عالمی کمپنیوں کے لیے جی سی سی کا ایک بڑا مرکز ہے۔ بنگلورو میں جے پی مارگن چیس( JPMorgan Chase)، والمارٹ ( Walmart ) اور ٹارگٹ (Target )جیسے برانڈز کا بڑا مرکز ہے ، جبکہ حیدرآباد میں میکڈو نالڈ (McDonald's) ،ہینیکن( Heineken ) اور وین گارڈ گروپ (Vanguard Group )جیسی کمپنیوں کے GCC موجود ہیں۔
ہندوستان میں جی سی سی مارکیٹ کا بڑھتا ہوا سائز
آئی ٹی انڈسٹری باڈی نیس کام اور کنسلٹنگ فرم زینوف کی ایک رپورٹ کے مطابق، مالی سال 24 میں ہندوستان کی جی سی سی مارکیٹ کا حجم64.6 بلین ڈالر تھا۔ یہ تعداد 2030 تک 99 بلین ڈالر سے 105 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔