سابق مرکزی وزیر و کانگرس کے سینئر لیڈر جے پال ریڈی علاج کے دوران اتوار کی شب حیدرآباد کے ایک ہسپتال میں چل بسے۔ان کی عمر77برس تھی ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ ریڈی کو شدید بخار پر20 جولائی کو ایشین انسٹی ٹیوٹ آف گیسٹروانٹرولوجی میں داخل کروایا گیا تھا ، جہاں علاج کے دوران وہ چل بسے۔ایس جے پال ریڈی کی پیدائش16جنوری1942 کو تیلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے چندورمنڈل کے نرمیٹا گاؤں میں ہوئی تھی تاہم ان کا اصل تعلق محبوب نگر ضلع کے مادگلا سے ہے۔
سابق مرکزی وزیر زراعت کے ماہر تھے۔ وہ 15 ویں لوک سبھا کے رکن اور سائنس و ٹکنالوجی کے وزیر بھی تھے۔ انہوں نے تیلنگانہ کے حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ کی نمائندگی کی تھی۔ اپنے سیاسی کیرئیر کے دوران ریڈی پانچ مرتبہ لوک سبھا کے لئے منتخب ہوئے، دو مرتبہ راجیہ سبھا کے رکن بنائے گئے اور چار مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔
ان کی موت پر کانگرس پارٹی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہمیں جے پال ریڈی کے چل بسنے پر صدمہ پہنچا ہے۔ وہ کانگرس کے ایک سینئر رہنما تھے ۔ انہوں نے پانچ مرتبہ لوک سبھا کے رکن ، دو مرتبہ راجیہ سبھا کے رکن اور چارمرتبہ ایم ایل اے کے طورپر خدمات انجام دی تھیں۔ ہمیں امید ہے کہ ان کے خاندان اور دوست، دکھ کی اس گھڑی میں اس صدمہ کو برداشت کرنے کی ہمت کرپائیں گے۔