نئی دہلی:کانگرس نے کہا ہے کہ' تھالی نامکس ' کی بات کرنے والی حکومت کا رسوئی گیس کی شرحوں میں بے تحاشہ اضافہ کرنا اس کے دوغلے کردار کو ظاہر کرتا ہے اور سلنڈر کی قیمت 144روپے بڑھا کر مودی حکومت نے عوام کی جیب پر کرنٹ مارا ہے۔
کانگرس محکمہ مواصلات کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے بدھ کو ٹویٹ کیامودی جی نے رسوئی گیس کی قیمت 144روپے بڑھائی ہے۔اس نے 2019 سے 2020یعنی ایک سال میں رسوئی گیس کی قیمت 200روپے بڑھا دی۔دہلی میں ایک سلنڈر 858.50روپے،ممبئی میں 829.50 روپے،چنئی میں 881روپے اور کولکتہ میں 896روپے کی شرح سے فروخت ہورہاہے۔کرنٹ کی بات کرتے کرتے عوام کی جیب پر ہی کرنٹ مار دیا۔
پارٹی نے بھی اپنے سرکاری پیج پر ٹویٹ کرکے کہاوسائل کے معاملے میں جو ملک ہمارے سامنے ٹھہرتے تک نہیں،آج وہ بھی اپنے عوام کو ہم سے سستا ڈیزل دے رہے ہیں۔مگر بی جے پی حکومت عوام کی جیب پر مسلسل حملہ کررہی ہے۔
مودی نامکس کی زبردست کامیابی کے بعدتھالی نامکس بھی برباد۔بی جے پی الفاظ اور محاورے گڑھنے میں ماہر ہے،مگر اس سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا۔تھالی نامکس جیسا جملہ گڑھ کر رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ بی جے پی کے دوغلے کردار کو ظاہر کرتاہے۔
واضح رہے کہ ملک کی سب سے بڑی آئل مارکیٹنگ کمپنی انڈین آئل کارپوریشن نے آج سے بغیر سبسڈی والا 14.2کلوگرام کا گھریلو رسوئی گیس سلنڈر144.50روپے مہنگا کردیاہے۔