Latest News

سُرنگ سے نکلتے ہی بے قابو فیراری بنی آگ کا گولہ،  حادثے میں '' کال آف ڈیوٹی'' کے ممتاز کریئٹر زیمپیلا کی موت

سُرنگ سے نکلتے ہی بے قابو فیراری بنی آگ کا گولہ،  حادثے میں '' کال آف ڈیوٹی'' کے ممتاز کریئٹر زیمپیلا کی موت

انٹرنیشنل ڈیسک: دنیا بھر میں مشہور ویڈیو گیم فرنچائزی ' کال آف ڈیوٹی' (Call Of Duty  ) کے شریک تخلیق  کار اور گیمنگ انڈسٹری کے ممتاز نام  وِنس زیمپیلا کی امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں ایک دل خراش سڑک حادثے میں  موت ہوگئی ہے ۔ اس خبر کی تصدیق خود گیمنگ کمپنی الیکٹرانک آرٹس نے پیر کے روز کی۔ مقامی نشریاتی ادارے این بی سی 4 کے مطابق یہ حادثہ اتوار کے روز لاس اینجلس کے شمال میں واقع ایک خوبصورت مگر خطرناک پہاڑی سڑک پر پیش آیا۔ زیمپیلا اپنی فیراری گاڑی چلا رہے تھے کہ نامعلوم وجوہات کے باعث گاڑی کا توازن بگڑ گیا۔

Footage of the accident in which Call of Duty creator Vince Zampella died.

The video shows a red Ferrari 296 GTS speeding out of a tunnel, skidding and crashing into a concrete barrier. After the impact, the sports car caught fire. Zampella and the passenger died at the scene. pic.twitter.com/8hzx41GmFu

— HandyTechTipper (@HandyTechTipper) December 23, 2025

کیلیفورنیا ہائی وے پیٹرول  (CHP) نے ایک بیان میں بتایا کہ گاڑی سڑک سے پھسل کر کنکریٹ کے بیریئر(رکاوٹ ) سے جا ٹکرائی، جس کے بعد اس میں شدید آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں زیمپیلا موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ گاڑی میں موجود ایک اور مسافر ٹکر کے دوران باہر جا گرا تھا۔ بعد ازاں دونوں افراد دم توڑ گئے۔ سوشل میڈیا پر اس حادثے کی ایک ہولناک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں فیراری کو تیز رفتار سے سرنگ سے باہر نکلتے اور سیدھا کنکریٹ بلاک سے ٹکراتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ٹکر کے چند ہی لمحوں بعد گاڑی آگ کے شعلوں میں گھِر جاتی ہے۔
وِنس زیمپیلا کو جدید ویڈیو گیمنگ کا نہایت بااثر چہرہ سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے سن2002 میں انفینٹی وارڈ (Infinity Ward) کی مشترکہ بنیاد رکھی اور سن2003  میں کال آف ڈیوٹی سیریز کا آغاز کیا، جو بعد میں دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گیم فرنچائز ی بن گئی۔ بعد ازاں اس اسٹوڈیو کو ایکٹیویژن (Activision )  نے خرید لیا۔ ایکٹیویژن سے علیحدگی کے بعد زیمپیلا نے سن 2010  میں ریسپاون انٹرٹینمنٹ (Respawn Entertainment)  کی بنیاد رکھی، جس نے ٹائٹن فال  ، ایپیکس لیجنڈز(Titanfall, Apex Legends )  اور اسٹار وارز جیڈی (Star Wars Jedi) جیسی انتہائی مقبول گیمز پیش کیں۔ سن2017  میں الیکٹرانک آرٹس نے ریسپاون کو خرید لیا، جس کے بعد زیمپیلا کو بیٹل فیلڈ فرنچائز ی کو دوبارہ زندہ کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
الیکٹرانک آرٹس اور ریسپاون کا تعزیتی پیغام
الیکٹرانک آرٹس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ ایک ناقابلِ تصور نقصان ہے۔ ہماری ہمدردیاں وِنس کے خاندان، عزیزوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جن کی زندگیاں ان کے کام سے متاثر ہوئیں۔ کمپنی نے مزید کہا کہ زیمپیلا کی خدمات نے جدید انٹرایکٹو انٹر ٹینمنٹ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ دوسری جانب ریسپاون انٹرٹینمنٹ  (Respawn Entertainment ) نے ایکس پر لکھا کہ زیمپیلا ہر روز اپنی ٹیموں پر اعتماد کرتے تھے، جرأت مندانہ خیالات کی حوصلہ افزائی کرتے تھے اور کھلاڑیوں کو ہمیشہ اولین ترجیح دیتے تھے۔ حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ فی الحال پولیس نے واضح کیا ہے کہ یہ حادثہ تکنیکی خرابی، تیز رفتاری یا کسی اور وجہ سے پیش آیا، اس کی تصدیق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہو سکے گی۔
 



Comments


Scroll to Top