Latest News

بی جے پی عدم اتفاق کی آواز کو دبانے میں نہیں چھوڑ رہی کوئی کسر: اکھلیش یادو

بی جے پی عدم اتفاق کی آواز کو دبانے میں نہیں چھوڑ رہی کوئی کسر: اکھلیش یادو

لکھنؤ:سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) پر عدم اتفاق کی آواز کو کچلنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی جمہوریت کو درکنار کرتے ہوئے من مانی کرنے پر آمادہ ہے۔وہ عدم اتفاق کی کسی بھی آواز کو دبانے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑ رہی ہے۔
مسٹر یادو نے سنیچر کو پارٹی دفتر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی پالیسیاں اور زبان عوام الناس کو خائف کررہی ہیں۔ اسے بنیادی مسائل کے حل میں کچھ بھی دلچسپی نہیں ہے۔ عدم اتفاق کی آواز کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑرہی ہے۔ اور اب بی جے پی سے عوام کا اعتماد ختم ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک تو عوام مخالف کام کرتی ہے دوسرے جمہوری نظام اور آئینی اداروں کو کمزار کرنے میں بالکل بھی پیچھے نہیں رہتی ہے۔ بی جے پی کی حکمرانی میں کسانوں،خواتین اور اور بچیوں کے استحصال میں اضافہ ہوا ہے۔ نوٹ بندی، جی ایس ٹی سے کاروبار پر برااثر پڑا ہے اور نوجوان بے روزگارگھوم رہے ہیں۔
مسٹر یادونے کہا کہ بی جے پی قیادت کا کام ہر غلط کام کو صحیح ٹھہرانا ہے۔ بی جے پی سی اے اے ،این پی آر، این آرسی پر گمراہ کررہی ہے۔کئی ریاستی حکومتوں نے نئے قانون کے تئیں اپنی مخالفت کا اظہارکیا ہے ۔ملک کی عوام جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احتجاج متأثرین کے اہل خانہ کے ساتھ پولیس ہراسانی اور بے قصوروں کو جیل میں تکلیف دینے کی سچائی سامنے لانے پر بی جے پی لیڈر بوکھلاہٹ کے شکار ہیں۔ انہیں اس میں منھ بھرائی دکھائی دے رہی ہے جبکہ وہی اس کھیل کے پرانے ماہر ہیں۔اس سب کی عدالتی جانچ ہو تو بی جے پی جھوٹ کی قلعی کھلنے میں ذرا بھی دیر نہیں لگے گی۔
 



Comments


Scroll to Top