National News

سعودی عرب اور قطر میں غیرمتوقع برفباری، کئی علاقوں میں شدید سردی اور بارش

سعودی عرب اور قطر میں غیرمتوقع برفباری، کئی علاقوں میں شدید سردی اور بارش

ریاض:سعودی عرب اور قطر کے مختلف علاقوں میں غیرمتوقع طور پر برفباری ہوئی، جب کہ سرد موسم اور موسلا دھار بارش نے مملکت کے کئی شہروں اور دیگر حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا خلیج ٹائمز کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں کم دباو کے نظام کے باعث گزشتہ ایک ہفتے کے دوران شدید بارشیں ہوئیں، جبکہ جمعرات کو موسم کی شدت میں مزید اضافے اور خطے میں گرج چمک کے ساتھ طوفان آنے کی پیشگوئی کی گئی تھی۔
بی بی سی ویدر کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ طوفان رات کے وقت مشرق کی جانب بڑھتے ہوئے متحدہ عرب امارات اور قطر کی طرف جانے کا اندیشہ تھا۔
خلیج ٹائمز نے یہ بھی رپورٹ کیا کہ قطر کے وسیع علاقے پہلے ہی برف سے ڈھک چکے ہیں اور اس حوالے سے مناظر کی ویڈیوز بھی شیئر کی گئیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے صوبہ تبوک میں واقع جبل اللوز پر ٹروجینا کے پہاڑی سیاحتی مقام پر برفباری اور ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ یہ علاقہ ہائیکنگ اور اسکیئنگ کے لیے مشہور ہے اور اس کی بلندی تقریباً 2600 میٹر تک ہے۔ اس کے علاوہ بیر بن حرماس، العینہ، عمار، العلا گورنریٹ اور شقرہ اور اس کے نواحی علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش ہوئی جبکہ ریاض سمیت کئی دیگر علاقوں میں معتدل سے شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔
ریاض میں گزشتہ روز علی الصبح سے گہرے بادل اور بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ عرب نیوز کے مطابق خراب موسم کے باعث سعودی دارالحکومت میں تمام اسکولوں کو آن لائن تعلیم پر منتقل کر دیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے بتایا گیا کہ القصیم ریجن، بشمول شہر بریدہ میں معتدل سے شدید بارش ہوئی، جبکہ تبوک ریجن میں جمعرات کو ہلکی سے معتدل بارش ریکارڈ کی گئی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی نے ریاض کے شمالی علاقوں اور المجمعة اور الغاط کی گورنریٹس میں مزید برفباری کی پیشگوئی کی تھی، جہاں جمعرات کی صبح برف پڑی جس کے باعث بلندی والے علاقوں میں برف جم گئی۔
نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی کے سرکاری ترجمان حسین القحطانی نے وضاحت کی کہ شمالی علاقوں میں موسم کی یہ صورتحال سرد ہوا کے ایک بڑے دباو کے داخل ہونے کے باعث پیدا ہوئی، جس کے ساتھ بارش لانے والے بادل بھی شامل تھے۔ اس کے نتیجے میں بعض مقامات پر درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا گیا۔



Comments


Scroll to Top