نئی دہلی: وزیر داخلہ امت شاہ نے بدھ کو بتایا کہ 'رام جنم بھومی ٹرسٹ میں 15 ٹرسٹیز ہوں گے جن میں سے ایک دلت سماج سے ہو گا ۔مرکزی کابینہ کی بدھ کو ہوئی میٹنگ میں 'رام جنم بھومی ٹرسٹ' کے قیام کی تجویز کو منظوری دی گئی۔ اس ٹرسٹ کا نام شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ہوگا۔یہ ٹرسٹ ایودھیا میں بھگوان رام کے مندر کی تعمیر اور اس سے متعلق موضوعات پر فیصلے کے لئے مکمل طور پر آزاد ہو گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو لوک سبھا میں اس حوالے سے اعلان بھی کیا ۔
وزیر داخلہ شاہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا، '' شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ میں 15 ٹرسٹی ہوں گے جن میں سے ایک ٹرسٹی ہمیشہ دلت سماج سے رہے گا۔ شاہ نے بتایا کہ یہ ٹرسٹ مندر سے متعلق ہر فیصلہ لینے کے لئے مکمل طور پر آزاد ہو گا اور 67 ایکڑ زمین ٹرسٹ کو منتقل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا، '' مجھے مکمل یقین ہے کہ کروڑوں لوگوں کا صدیوں سے چل رہا انتظار جلد ہی ختم ہو جائے گا اور وہ بھگوان رام کی جنم بھومی پر ان کے خوبصورت مندر میں ان کی درشن کر پائیں گے۔
شاہ نے کہا، '' شری رام جنم بھومی پر سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق آج حکومت ہند نے ایودھیا میں شری رام کے خوبصورت مندر کی تعمیر کے لئے شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ بنانے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا یہ دن پورے ہندوستان کے لئے انتہائی خوشی اور فخر کا دن ہے۔ شاہ نے کہا '' بھارت کی آستھا اور اٹوٹ احترام کی علامت بھگوان شری رام کے مندر کے سلسلے میں اس اقدام کے لئے میں وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔