ہندو سماج پارٹی کے صدر کملیش تیواری کی 18 اکتوبر بروز جمعہ کو دن دہاڑے ہوئے قتل کے بعد اتوار 20اکتوبر کویوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی کملیش تیواری کے اہل خانہ سے ملاقات جاکی ہے۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر کملیش کی ماں، بیوی اور بیٹے موجود تھے ۔
بتا دیں کہ قتل کے بعد کملیش کی ماں نے کہا تھا کہ وہ وزیر اعلیٰ کے آنے پر ہی کملیش کا انتم سنسکار کریں گے ،لیکن انتظامیہ کے سمجھانے اور وزیر اعلیٰ یوگی سے ملاقات کی یقین دہانی کے بعد سنیچر کو سیتاپور میں کملیش کی آخری رسوم ادا کردی گئیں۔جس کے بعد آج وزیر اعلیٰ یوگی نے کملیش کے اہل خانہ سے ملاقات کی ۔
کملیش تیواری کے اہل خانہ نے 11 نکاتی مطالبے پر مشتمل ایک لیٹر وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو سونپا ہے۔ کملیش کا کنبہ لکھنؤ میں کملیش تیواری کی مورتی تعمیر کرانے کا مطالبہ کررہا ہے۔ لیٹر میں خورشید باغ کا نام بدل کر کملیش باغ رکھنے کے ساتھ ہی مجرموں پر سخت کاروائی کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔
وزیراعلیٰ نے اچانک ڈائریکٹر جنرل آف پولیس او پی سنگھ کو بھی طلب کیا ہے۔ ان کے ساتھ ایس آئی ٹی انچارج انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس کے بھاگوت بھی پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے کملیش تیواری کے کنبے کے سامنے ہی او پی سنگھ سے قتل کی جانچ کی موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلات طلب کیں اور قاتلوں کو جلد ہی گرفتارکر نے کی ہدایت دی۔