انٹر نیشنل ڈیسک: مشرقِ وسطی میں جاری کشیدگی کے باوجود ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے اعلان کیا ہے کہ وہ چودہ مارچ کو مغربی ایشیا کے خطے کے لیے مجموعی طور پر 80 پروازیں چلائیں گی۔ ان پروازوں میں مقررہ (Scheduled) اور غیر مقررہ (Non-Scheduled) دونوں طرح کی خدمات شامل ہوں گی۔ حالیہ دنوں میں امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتے فوجی تناؤ کے باعث پورے مغربی ایشیا کے خطے میں فضائی آپریشن کافی متاثر ہوا ہے۔ کئی پروازوں منسوخ یاڈائیورٹ کرنا پڑا ہے ۔
جدہ اور مسقط کے لیے باقاعدہ پروازیں
فضائی کمپنی کے بیان کے مطابق دونوں کمپنیاں جدہ اور مسقط کے لیے اپنی باقاعدہ خدمات جاری رکھیں گی۔ ان دونوں شہروں کے لیے مجموعی طور پر اٹھارہ مقررہ پروازیں چلائی جائیں گی تاکہ مسافروں کی آمد و رفت جاری رہے اور ضروری سفری خدمات متاثر نہ ہوں۔
باسٹھ اضافی خصوصی پروازیں بھی چلیں گی
باقاعدہ پروازوں کے علاوہ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس 62 اضافی غیر مقررہ پروازیں بھی چلائیں گی۔ یہ پروازیں بنیادی طور پر متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے لیے ہوں گی۔ تاہم ان پروازوں کا چلنا روانگی کے ہوائی اڈوں پر وقت ملنے اور موجودہ سکیورٹی حالات پر منحصر ہوگا۔
مسافروں کو سہولت دینے کی کوشش
فضائی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ موجودہ بحران کے باوجود مسافروں کو زیادہ پریشانی نہ ہو اس کے لیے اضافی پروازوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ مغربی ایشیا میں بڑی تعداد میں ہندوستانی شہری کام کرتے ہیں اس لیے پروازوں کا جاری رہنا بہت اہم سمجھا جا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی طویل عرصے تک جاری رہی تو فضائی خدمات پر مزید اثر پڑ سکتا ہے لیکن فی الحال فضائی کمپنیاں صورتحال پر نظر رکھتے ہوئے پروازیں جاری رکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔