National News

ایپسٹین فائلز : عدالت کا بڑا فیصلہ، 7.2 کروڑ ڈالر ادا کرے گا بینک آف امریکہ، 75 متاثرہ خواتین کو ملے گی راحت

ایپسٹین فائلز : عدالت کا بڑا فیصلہ، 7.2 کروڑ ڈالر ادا کرے گا بینک آف امریکہ، 75 متاثرہ خواتین کو ملے گی راحت

واشنگٹن: امریکہ کی عدالت نے جیفری ایپسٹین کے جنسی جرائم کے معاملے میں بڑا قدم اٹھایا ہے۔ عدالت نے 7.25 کروڑ ڈالر(تقریبا 600 کروڑ روپے)کے معاوضہ کو کو ابتدائی منظوری دے دی ہے۔ یہ فنڈ بینک آف امریکہ اور متاثرہ خواتین کے وکلا کے درمیان سمجھوتے کے تحت بنایا گیا ہے۔ اس فیصلے سے تقریبا 60 سے 75 خواتین کو راحت مل سکتی ہے، جو 2008 سے 2019 تک ایپسٹین کے جنسی استحصال کا شکار ہوئیں۔ وکلا کا کہنا ہے کہ کچھ متاثرہ خواتین ابھی سامنے نہیں آئیں، اس لیے یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
امریکی جج جیڈ ایس ریکوف (Jed S. Rakoff ) نے اس سمجھوتے کو ابتدائی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ کسی بھی متاثرہ تک یہ معلومات پہنچیں اور کوئی بھی مدد سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے حتمی منظوری کے لیے 27 اگست کی تاریخ مقرر کی ہے۔ متاثرہ خواتین نے بینک آف امریکہ پر الزام لگایا تھا کہ اس نے ایپسٹین کے مشتبہ مالی لین دین کو نظرانداز کیا، جبکہ وہ مسلسل خواتین اور لڑکیوں کا استحصال کر رہا تھا۔ اسی بنیاد پر بینک کے خلاف مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ ایپسٹین کی اگست 2019 میں جیل میں موت ہوگئی تھی، جسے خودکشی بتایا گیا تھا۔ تاہم، اس معاملے کو لے کر آج بھی کئی سوالات اٹھتے رہتے ہیں۔ جج نے واضح کیا کہ ایپسٹین کے جرائم انتہائی سنگین تھے اور متاثرہ خواتین کو ان تمام افراد اور اداروں سے معاوضہ ملنا چاہیے، جنہوں نے کسی بھی طرح سے اس کے جرائم میں تعاون کیا یا لاپروائی برتی۔
 



Comments


Scroll to Top