نیویارک: امریکہ کے ٹامپا ضلع میں جمعہ کی رات پولیس سے بچ کر بھاگنے کی کوشش کر رہے ایک کار ڈرائیور نے گاڑی کو بھیڑ بھاڑ والے بار میں موجود لوگوں کے درمیان گھسا دیا۔ اس واقعے میں چار افراد ہلاک ہو گئے اور 11 دیگر زخمی ہو گئے۔ ٹامپا رات کے وقت بھی چہل پہل اور سیاحت کے لیے مشہور ہے۔ ٹامپا پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ ایک ہوائی گشتی دستے نے رات تقریبا 12 بج کر 40 منٹ پر ایک راستے پر تیز رفتاری سے چلتی ہوئی کار کو دیکھا تھا۔ ڈرائیور بہت لاپرواہی سے گاڑی چلا رہا تھا۔ اس کار کو اس سے پہلے ایک دوسرے علاقے میں سڑک پر ریس لگاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
فلوریڈا میں شاہراہوں پر گشت کرنے والی "فلوریڈا ہائی وے پٹرول" نے گاڑی کی شناخت کی اور اسے روکنے کی کوشش کی لیکن یہ کوشش ناکام رہی۔ پولیس نے بتایا کہ جیسے ہی گاڑی ٹامپا کے وسط میں واقع تاریخی یبور سٹی کی طرف تیزی سے بڑھی "ہائی وے پٹرول" کے افسران نے گاڑی کو روکنے کی کوشش کی جس سے بچنے کے لیے ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار مزید بڑھا دی اور گاڑی پر قابو کھو دیا، جس کے بعد کار "بریڈلیز آن سیونتھ" بار کے باہر 12 سے زیادہ لوگوں کی بھیڑ میں جا گھسی۔ پولیس نے بتایا کہ تین افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور چوتھے کی ہسپتال میں موت ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتے کی دوپہر تک دو لوگوں کو نازک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، سات کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے اور دو کو علاج کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دو لوگ ایسے بھی تھے جنہیں معمولی چوٹیں آئی تھیں اور انہوں نے موقع پر ہی علاج لینے سے انکار کر دیا۔ پولیس چیف لی برکو نے ایک بیان میں کہا کہ آج صبح جو ہوا وہ ایک سانحہ تھا۔ ہماری ہمدردیاں متاثرین کے عزیزوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکام نے مشتبہ شخص کی شناخت 22 سالہ سائلس سیمپسن کے طور پر کی ہے جس کے خلاف ہفتے کو مقدمہ درج کیا گیا اور اسے ہِلز برو کاؤنٹی جیل میں رکھا گیا ہے۔