ماسکو:امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 8 فیصد اضافہ ہو گیا ہے، جس کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت 102 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے تجارتی اعداد و شمار کے مطابق یہ حالیہ برسوں کا بڑا اضافہ ہے اتوار کے روز جی ایم ٹی 22:01 بجے (ہندوستان میں پیر کی صبح 3:31 بجے)، جون کے لیے برینٹ کروڈ کی قیمت 7.76 فیصد بڑھ کر 102.59 ڈالر فی بیرل ہو گئی، جبکہ مئی کے لیے ڈبلیو ٹی آئی 8.2 فیصد اضافے کے ساتھ 104.51 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
سنیچر کے روز اسلام آباد میں ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوا تھا۔ اس سے قبل بدھ کی رات صدر ٹرمپ نے تہران کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ اتوار کی صبح امریکی وفد کے سربراہ، نائب صدر جے ڈی وینس نے اعلان کیا کہ طویل مذاکرات کے باوجود ایران اور امریکہ کسی معاہدے پر پہنچنے میں ناکام رہے ہیں، جس کے بعد امریکی وفد بغیر کسی ڈیل کے وطن واپس روانہ ہو رہا ہے۔
اتوار کے روز صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والے تمام جہازوں کی ناکہ بندی شروع کر دے گا۔ انہوں نے امریکی بحریہ کو ان تمام جہازوں کو ٹریک کرنے اور روکنے کی ہدایت بھی دی جنہوں نے آبنائے سے گزرنے کے لیے ایران کو ادائیگی کی ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ پیر کے روز جی ایم ٹی 14:00 بجے (ہندوستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے) سے ایران کی بندرگاہوں کی طرف جانے اور وہاں سے نکلنے والی ہر قسم کی بحری نقل و حرکت کی ناکہ بندی کی جائے گی۔