Latest News

امریکہ کانیا شکار: ٹرمپ نے روس کے بعد اب اس ملک کی تیل سپلائی روکی ، جانئے ہندوستان پر کیا پڑے گا اثر؟

امریکہ کانیا شکار: ٹرمپ نے روس کے بعد اب اس ملک کی تیل سپلائی روکی ، جانئے ہندوستان پر کیا پڑے گا اثر؟

انٹرنیشنل ڈیسک:  امریکہ نے روس کے بعد اب وینزویلا کے خلاف بھی تیل کی فراہمی کے معاملے میں سخت اقدامات کرتے ہوئے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اس ہفتے امریکہ نے وینزویلا کے ایک تیل بردار جہاز کو ضبط کر لیا اور اس کے ساتھ تجارت کرنے والی متعدد شپنگ کمپنیوں پر بھی پابندیاں لگا دیں۔ اس کے نتیجے میں وینزویلا کی تیل برآمدات میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی کارروائی کے بعد وینزویلا کے سمندری علاقوں میں تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت تقریبا رک گئی ہے۔
 امریکہ نے واضح اشارے دیے ہیں کہ صدر نکولس مدورو پر فوجی اور معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے آئندہ بھی جہازوں کو ضبط کیا جا سکتا ہے۔ بدھ کے روز ضبط کیا گیا 'اسکیپر' نامی جہاز 2019  کے بعد پہلی بار ہے جب امریکہ  نے براہ راست وینزویلا کے تیل کے کارگو پر قبضہ کیا ہے۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب بحیرہ کیریبین میں امریکی فوجی موجودگی بھی بڑھائی جا رہی ہے، جسے مادورو حکومت کو اقتدار سے ہٹانے کی حکمت عملی سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
پانی میں پھنسے وینزویلا کے ٹینکر
الجزیرہ کے مطابق امریکی دھمکیوں کے باعث تقریبا ایک کروڑ دس لاکھ بیرل تیل اور ایندھن سے لدے ٹینکر وینزویلا کے پانیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ جہاز آگے بڑھنے سے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں بھی ضبط کیے جانے کا خدشہ ہے۔ رائٹرز کے مطابق اسکیپر ٹینکر کی ضبطی کے بعد صرف وہی ٹینکر وینزویلا کی بندرگاہوں سے نکل سکے ہیں جو امریکی تیل کمپنی شیورون کے چارٹر پر ہیں۔ شیورون کو امریکی حکومت کی جانب سے خصوصی اجازت حاصل ہے، جس کے تحت وہ ریاستی تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے کے ساتھ مشترکہ منصوبوں میں کام کر رہی ہے اور تیل امریکہ کو برآمد کر سکتی ہے۔
 ہندوستان  پر کتنا اثر پڑے گا
ہندوستان اپنی خام تیل کی ضروریات کئی ممالک سے پوری کرتا ہے، جن میں روس اور وینزویلا دونوں شامل ہیں۔ وینزویلا بھی روس کی طرح نسبتاً سستا تیل فروخت کرتا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان نے 2024 میں وینزویلا سے تقریبا بائیس ملین بیرل تیل درآمد کیا تھا۔ تاہم اس سال امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے روس سے تیل خریدنے پر  ہندوستان  پر 25 فیصد اضافی محصول عائد کیا تھا۔ اس کے باوجود  ہندوستان  نے روس سے خریداری جاری رکھی، لیکن وینزویلا سے درآمدات بتدریج کم کر دی گئیں۔ رپورٹس کے مطابق ہندوستان  اب وینزویلا سے تیل کی خرید تقریباً بند کر چکا ہے اور سال کے اختتام تک اسے مکمل طور پر روک سکتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ امریکی پابندیوں سے عالمی تیل منڈی میں ہلچل ضرور پیدا ہو گی، لیکن  ہندوستان  پر اس کا براہ راست اور بڑا اثر فی الحال نہیں پڑے گا۔
 



Comments


Scroll to Top