نئی دہلی : سابق ہندوستانی کرکٹر سنجے بانگر کا ماننا ہے کہ پاکستان کے خلاف میچ میں جسپریت بمراہ کو اننگز کے آغاز میں استعمال کیا جانا چاہیے، تاکہ پاور پلے میں ابتدائی وکٹ لے کر حریف پر دباؤ بنایا جا سکے۔ 'فالو دی بلیوز' پروگرام میں جیو اسٹار ماہر کے طور پر بات کرتے ہوئے بنگر نے کہا کہ بمراہ کو کسی بھی مرحلے میں گیندبازی کے لئے اتاریں، وہ ٹیم کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے، لیکن پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف ابتدائی جھٹکے دینا زیادہ اہم ہے۔ ان کے مطابق پاور پلے کی وکٹیں میچ کی سمت طے کر سکتی ہیں۔
اسپن اٹیک کو مضبوط کرنے کا مشورہ
بنگر نے ہندوستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون پر بھی رائے دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے اسپن حملے کو اور مضبوط کر سکتا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ایک اضافی اسپنر کے طور پر کلدیپ یادو کو ٹیم میں شامل کیا جائے اور ایک تیز گیندباز کو باہر کیا جا سکتا ہے، جس میں ارشدیپ سنگھ کا نام سامنے آیا۔ ان کا ماننا ہے کہ پاکستان کے بلے باز اسپن کے خلاف کچھ پریشانی محسوس کر سکتے ہیں، جیسا کہ پچھلے ٹورنامنٹ میں بھی دیکھا گیا تھا۔
بڑے میدان پر بدلے گی حکمت عملی
ہندوستانی بلے بازوں کے اسپن کے خلاف جدوجہد پر بنگر نے کہا کہ ابتدائی میچوں میں ہندوستان نے درمیانی اوورز میں اسپن کے سبب وکٹیں گنوائیں، لیکن اس کی وجہ تیزی سے بڑا اسکور بنانے کا دباؤ بھی تھا۔
پاکستان کے خلاف میچ میں، خاص طور پر کولمبو جیسے بڑے میدان پر، ہندوستان مختلف حکمت عملی اپنا سکتا ہے۔ زیادہ اسٹرائیک روٹیشن، دو اور تین رن لینے پر زور اور محتاط شاٹ کا انتخاب۔ بنگر کو یقین ہے کہ پاکستان کے خلاف ہندوستان پچھلی غلطیوں کو نہیں دہرائے گا اور بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترے گا۔