انٹرنیشنل ڈیسک: وائٹ ہاؤس سے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ کی رات قوم سے براہِ راست پرائم ٹائم خطاب کیا، جس میں ان کی توجہ کا مرکز امریکی معیشت رہی۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ جمعہ کو نارتھ کیرولائنا میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔
ٹرمپ نے مہنگائی اور بلند قیمتوں کا ذمہ دار اپنے پیش رو صدر جو بائیڈن کو ٹھہرایا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کی حکومت کے دور میں معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور کئی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی ہیں۔ خطاب کے دوران ٹرمپ نے ایک بار پھر بائیڈن پر تیکھے حملے کئے ہیں ۔
In an address to the Nation, US President Donald Trump says, "Tonight, I am also proud to announce that more than 1,450,000 military service members will receive a special warrior dividend before Christmas. In honour of our nation's founding in 1776, we are sending every soldier… pic.twitter.com/giMc5vbcjJ
— ANI (@ANI) December 18, 2025
صدر نے اپنے خطاب میں ایک نئی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے اس کا نام ' وارئیر ڈیویڈینڈ' رکھا۔ اس منصوبے کے تحت فوج کے تقریبا دس لاکھ جوانوں کو1776 ڈالر کے چیک دیے جائیں گے۔ ٹرمپ نے اسے فوجی اہلکاروں کے احترام اور ان کی خدمات کا اعتراف قرار دیا۔
حالیہ دنوں میں ٹرمپ کو مہنگائی اور بڑھتی ہوئی زندگی گزارنے کی لاگت کے معاملے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس میں ان کی اپنی جماعت کے بعض رہنماؤں کی تشویش بھی شامل ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ عام لوگوں کی معاشی مشکلات دور کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
تاہم ٹرمپ ان الزامات کو مسلسل مسترد کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور affordability (استطاعت ) سے متعلق خدشات ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے پھیلایا گیا ایک 'ہوکس' ہیں۔ صدر نے دوہرایا کہ ان کی پالیسیاں طویل مدت میں امریکی معیشت کو مضبوط بنائیں گی۔
دس مہینوں میں آٹھ جنگوں کو حل کیا
اپنے خطاب میں ٹرمپ نے دعوی کیا کہ گزشتہ دس مہینوں کے اندر آٹھ جنگوں کا حل نکالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے متعلق جوہری خطرے کا خاتمہ کیا گیا اور غزہ میں جاری جنگ کو ختم کر کے مشرقِ وسطی میں تاریخی امن قائم کیا گیا۔ ٹرمپ کے مطابق اس عمل نے خطے میں ہزاروں برس بعد استحکام کی راہ ہموار کی اور زندہ اور مردہ دونوں طرح کے یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنایا۔
ڈونالڈ ٹرمپ کے خطاب میں بڑے اعلانات
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے قوم سے اپنے حالیہ خطاب میں کئی بڑے اعلانات کیے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس سے پہلے چودہ لاکھ پچاس ہزار سے زیادہ فوجی اہلکاروں کو' وارئیر ڈیویڈینڈ ' دیا جائے گا، جو ٹیرف سے جمع کیے گئے فنڈ سے تقسیم کیا جائے گا۔
ٹرمپ نے ملکی معاشی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں پیٹرول کی قیمتیں ایک اعشاریہ ننانوے ڈالر فی گیلن تک پہنچ چکی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ ان کی حکومت نے امریکی طاقت کو بحال کیا، گزشتہ دس مہینوں میں آٹھ جنگوں کا خاتمہ کیا، ایران کے جوہری خطرے کو ختم کیا، اور غزہ کی جنگ ختم کر کے خطے میں امن قائم کیا۔
صدر نے صحت کے شعبے میں اصلاحات کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ صحت کی دیکھ بھال اور ادویات کی قیمتیں مزید کم کی جائیں گی تاکہ عام امریکی خاندانوں پر مالی بوجھ کم ہو۔ ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ وہ اگلے فیڈرل ریزرو چیئرمین کے نام کا جلد اعلان کریں گے، اور امید ہے کہ نیا فیڈ چیئرمین کافی کم شرحِ سود کی حمایت کرے گا۔
معاشی ریلیف کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ سال اب تک کا سب سے بڑا ٹیکس ریفنڈ سیزن ثابت ہوگا، جس سے امریکی شہریوں کو بڑی مالی مدد ملے گی۔