نئی دہلی:کانگرس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کہا ہے کہ خودکشی کرنے والے ہریانہ کے آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار کے اہل خانہ انصاف کے حصول کے لیے در بدر بھٹک رہے ہیں، لیکن کوئی ان کی فریاد پر کان نہیں دھر رہے ہیں محترمہ پرینکا گاندھی نے منگل کے روز یہاں سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ آئی پی ایس افسر کی خودکشی کے ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہئے، لیکن خاندان کو انصاف نہیں مل رہا ہے۔ وہ در بدر بھٹک رہے ہیں لیکن کہیں بھی ان کی آواز نہیں سنی جا رہی ہے۔
انہوں نے لکھا، "ہریانہ کے ایک سینئر آئی پی ایس افسر وائی پورن کمار نے حال ہی میں ذات پات کی بنیاد پر جبر کی وجہ سے خودکشی کر لی تھی۔ ان کا خاندان انصاف کے لیے بھٹک رہا ہے، لیکن کوئی سننے والا نہیں ہے۔ یہ پورا واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بی جے پی کے دور حکومت میں اعلیٰ عہدوں پر پہنچنے کے بعد بھی دلت برادری کے لوگ محفوظ نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں انصاف مل رہا ہے۔ ایسے شرمناک واقعات پورے سماج کی بدنامی کا باعث ہیں۔ محترمہ پرینکا گاندھی نے کہا کہ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے چنڈی گڑھ میں وائی پورن کمار کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے غم میں شریک ہوئے اور اس معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔