نئی دہلی: دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بدلتے ہوئے دور میں آپ کی تعلیم محض ڈگریوں اور کتابی علم تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس میں مستقبل کے چیلنجوں کے مطابق ہم آہنگی، منطقی سوچ اور اختراع کا حوصلہ ہونا لازمی ہے۔
مسٹر سندھو اور دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو گرو گوبند سنگھ اندر پرستھ یونیورسٹی کے 18 ویں تقسیمِ اسناد (کنووکیشن) کی تقریب میں شرکت کی اور طلباء کو ڈگریاں تفویض کیں۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقسیمِ اسناد کی تقریب محض ایک تعلیمی سفر کا اختتام نہیں ہے، بلکہ یہ قوم کی تعمیر کی سمت میں ہزاروں نئے سفر کا آغاز ہے۔ آج کا نوجوان ایک ایسے دور میں قدم رکھ رہا ہے جہاں مصنوعی ذہانت (اے آئی ) اور پائیدار اختراع جیسی ٹیکنالوجیز دنیا کو نئی شکل دے رہی ہیں۔
مسٹر سندھو نے طلباء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے 'وکست بھارت @2047' کے وڑن کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ملک کو ایسے 'سولوشن پرووائیڈرز' کی ضرورت ہے جو شہری ترقی، عوامی صحت اور ڈیجیٹل گورننس جیسے پیچیدہ چیلنجوں کا موثر حل نکال سکیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ علم، انصاف اور خدمت کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ انہوں نے طلبائ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی تعلیم کو صرف ایک ذاتی کامیابی نہ سمجھیں، بلکہ اسے معاشرے اور ملک کے تئیں ایک ذمہ داری کے طور پر قبول کریں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ دہلی اور ہندوستان کا مستقبل ان باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھوں میں محفوظ ہے جو اپنے حوصلے اور لگن سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج گریجویٹ ہونے والے نوجوان ہی 'وکست بھارت' کے خواب کو سچ کرنے والے حقیقی سارتھی (رہنما) ہیں۔ آپ کی صلاحیت اور قابلیت ہی ملک کو عالمی سطح پر نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ انہوں نے طلبائ سے اپیل کی کہ وہ اپنی تعلیم کا استعمال نہ صرف ذاتی ترقی کے لیے بلکہ معاشرے اور قوم کی فلاح و بہبود کے لیے بھی کریں۔
وزیر اعلیٰ نے اے آئی، روبوٹکس، ڈیٹا سائنس اور ڈیزائن انوویشن جیسے شعبوں میں یونیورسٹی کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے خصوصی طور پر 'اٹل انکیوبیشن سینٹر' کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 170 سے زیادہ اسٹارٹ اپس کی مدد کر کے یونیورسٹی نوجوانوں کو 'جاب سیکر' (ملازمت تلاش کرنے والا) کے بجائے 'جاب کریئیٹر' (ملازمت دینے والا) بنا رہی ہے۔ حکومت کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس سال دہلی کا تعلیمی بجٹ 19,326 کروڑ روپے تک پہنچ گیا ہے۔ حکومت کا مقصد نہ صرف اسکولوں کو اسمارٹ بنانا ہے بلکہ اعلیٰ تعلیم میں بھی عالمی معیار کی سہولیات کو یقینی بنانا ہے۔ دہلی حکومت نیٹ،جے ای ای اور سی ایل اے ٹی جیسے امتحانات کے لیے 2,200 سے زیادہ طلبائ کو مفت کوچنگ فراہم کر رہی ہے۔