National News

عالمی تناو کے دور میں گاندھی جی کا پیغام انسانیت کی رہنمائی کرتا ہے: منوج سنہا

عالمی تناو کے دور میں گاندھی جی کا پیغام انسانیت کی رہنمائی کرتا ہے: منوج سنہا

جموں:جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا ہے کہ عالمی بے یقینی، تنازعات اور موسمیاتی بحرانوں کے اس دور میں مہاتما گاندھی کے عدم تشدد، سچائی اور انسانی وقار کے نظریات پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کر چکے ہیں گاندھی گلوبل فیملی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران منوج سنہا نے کہا کہ تاریخی مقام پر منعقد ہونے والی یہ تقریب محض ایک یادگاری اجتماع نہیں بلکہ جموں و کشمیر کے لیے امن اور امید کی علامت ہے۔ ان کے مطابق گاندھیائی نظریات نے نہ صرف ماضی کی نسلوں کی رہنمائی کی بلکہ آج کی دنیا کے لیے بھی یہ اصول روشنی کا مینار ہیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ موجودہ دور شدید غیر یقینی صورتحال کا حامل ہے، جہاں عالمی سطح پر جغرافیائی تناو، معاشرتی تقسیم اور اقتصادی تبدیلیاں واضح طور پر محسوس کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے حالیہ بین الاقوامی حالات کا ذکر کرتے ہوئے بھارت اور یورپی یونین کے درمیان گزشتہ دو دہائیوں سے جاری مذاکرات کے بعد 27 جنوری کو بڑے تجارتی معاہدے کی حتمی منظوری کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ آج نہ صرف ملکوں کے درمیان بلکہ سماجوں اور افراد کے درمیان بھی کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے، اور حالات ایسے ہیں جیسے دنیا کسی ایسی چنگاری کی منتظر ہو جو موجودہ تعلقات کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہو۔منوج سنہا نے کہا، ’اگر دنیا کے ایک کونے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہوں اور دوسری جانب موسمیاتی تبدیلی انسانی مستقبل کے لیے خطرہ بن گئی ہو، تو ایسے میں مہاتما گاندھی کی آواز حوصلہ اور سمت عطا کرتی ہے۔‘
مسٹر سنہا کے مطابق گاندھی صرف ماضی کے لیڈر نہیں تھے بلکہ عصرِ حاضر کے لیے بھی ایک رہنما روشنی ہیں۔ عدم تشدد، سچائی اور خود ارادیت کا ان کا فلسفہ آج اسی قدر ضروری ہے جتنا آزادی کی جدوجہد کے دوران تھا۔انہوں نے گاندھی کے 16 مارچ 1947 کے ہفت روزہ ہریجن میں شائع ہونے والے ایک معروف اقتباس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گاندھی مذہب کو تنوع کے باوجود ایک ہی سرچشمے کی مختلف شاخیں سمجھتے تھے، جس طرح ایک درخت کی بے شمارٹہنیاں ہوتی ہیں لیکن جڑ ایک ہوتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گاندھیائی فکر میں انسانی وقار، مساوات، سماجی انصاف اور نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور یہی اصول دنیا کے سخت ترین مسائل کے حل کے لیے بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی نے جس اخلاقی جرات اور سچائی کے ساتھ راستہ چنا، وہ آج بھی انسانیت کے لیے مضبوط ترین رہنمائی ہے۔مسٹر سنہا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر میں امن، ہم آہنگی اور ترقی کے لیے گاندھیائی اصولوں کی اہمیت کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ نئی نسل کو صحیح سمت دی جا سکے۔



Comments


Scroll to Top